نواز شریف فوج سے این آر او مانگ رہے ہیں: شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف فوج سے قومی مفاہمتی آرڈی نینس (این آر او) مانگنے کے لیے اسلام آباد سے لاہور تک ریلی نکال رہے ہیں۔
لاہور میں پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان آمدکے موقع ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف فوج سے راستہ مانگ رہے ہیں۔
شیخ رشید نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے تھے ہم نہیں ہوں گے تو جمہوریت نہیں چلے گی جبکہ کورکمانڈرز نے کہا کہ ریاست سے آگے کچھ نہیں ہے۔
یہ بھی دیکھیں: شیخ رشید کا پارلیمنٹ کے باہر جھگڑا
انھوں نے سابق وزیراعظم کی نااہلی کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف کو ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی بد دعا لگی ہے۔
مسلم لیگ نواز کی جانب سے نواز شریف کو جی ٹی روڈ کےذریعے لاہور جانے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'مسلم لیگ نواز عدلیہ اور افواج پاکستان کے خلاف نکل رہے ہیں اور فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں۔‘
عوامی لیگ کے سربراہ نے کہا کہ پاناما میں جن شخصیت کا نام آیا تھا انھوں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیا لیکن نواز شریف کو پاکستان سے لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کی تمنا نے وزارت عظمیٰ کے منصب سے الگ ہونے نہیں دیا۔
مزید پڑھیں: جلسے سے قبل شیخ رشید کا تگڑا ناشتہ
شیخ رشید نے پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم پر کرپشن کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی مہنگے داموں میں ایل این جی خرید کر پاکستان لائے جس میں ان کی شراکت داری بھی ہے۔
اس موقع پر عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی اور چوہدری سرور اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
طاہر القادری تنہا نہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں، شاہ محمود قریشی
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئروائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی بھی نظریاتی کارکن کسی مک مکے میں نہیں آئےگا جبکہ طاہر القادری تنہا نہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کےمتاثرین کو انصاف نہیں ملےگا چپ نہیں بیٹھیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بہت سی صفائیاں پیش کیں لیکن اب جسٹس نجفی کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے۔
انھوں نے طاہرالقادری کو اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کل بھی تمہارے ساتھ تھی آج بھی تمہارے ساتھ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے حکمراں جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے خلاف مسلم لیگ نواز کی سازشیں ناکام ہوں گی،مسلم لیگ نواز نے بھٹو کی بیٹی کے ساتھ جو کچھ کیا قوم اچھی طرح جانتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل ان کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھ میں محفوظ نہیں، جرأت ہے تو بتائیں کون سازش کررہا ہے۔