’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کا نیا گانا ’اے دل‘
پاکستانی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کے شاندار ٹریلر اور ’تیرے نال‘ نامی خوبصورت گانے کے بعد فلم کا ایک اور گانا ’اے دل‘ ریلیز کردیا گیا، جسے شائقین کافی پسند کررہے ہیں۔
اس گانے کو شیراز اُپل اور ہندوستانی نژاد کینیڈین گلوکارہ جونیتا گاندھی نے گایا ہے، یہ گانا ہمایوں سعید اور مہوش حیات خان پر فلمایا گیا، جنہیں دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ان کا دل ٹوٹ گیا ہے اور ایسی ہی صورتحال میں یہ گانا پکچرائز ہوا۔
مزید پڑھیں: 'پنجاب نہیں جاؤں گی' کا ٹریلر سامنے آگیا
جہاں اس گانے کی موسیقی اور شاعری نے کافی متاثر کیا، وہیں مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی اداکاری بھی کافی شاندار رہی، جو ایک دوسرے کو بھلانے میں بالکل ناکام نظر آئے۔
اس گانے میں ان دونوں کرداروں کی مختلف طرز زندگی کو بھی واضح طور پر پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شاندار ٹریلر کے بعد 'پنجاب نہیں جاؤں گی' کا خوبصورت گانا
خیال رہے کہ اس سے قبل فلم کا گانا ’تیرے نال‘ ریلیز کیا گیا، جسے شفقت امانت علی نے گایا تھا۔
اس گانے کی بہترین موسیقی اور شاندار شاعری نے اسے شائقین کا پسندیدہ گانا بنادیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کا نیا گانا یا عروہ کی ’پی ٹی کلاس‘
’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں مہوش حیات اور ہمایوں سعید کے علاوہ عروہ حسین بھی اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
فلم رواں سال ’عید الضحٰی پر سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔