گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص کی ہلاکت پراداکارہ کوگرفتار کرلیا،پولیس
صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں پولیس نے گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کی ہلاکت کے بعد اداکارہ ایمان شاہ کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق اسٹیج اداکارہ ایمان شاہ نشے کی حالت میں گاڑی چلارہی تھیں اور تیزرفتاری کےباعث گاڑی کی ٹکر سے 40 سالہ موٹرسائیکل سوار نویداحمد خان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی گاڑی سے شراب کی بوتلیں بھی بر آمد ہوئی ہیں جبکہ ان کے خلاف 322، 279، اور 427 کی دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے اداکارہ کو طبی معائنے کے لیے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے گا۔