• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مقبوضہ کشمیر میں بھارت مخالف مظاہرے، 2 نوجوان جاں بحق

شائع August 4, 2017
بھارتی فوج اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوئے—فوٹو:اے ایف پی
بھارتی فوج اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوئے—فوٹو:اے ایف پی

مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج کی کارروائی میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے جبکہ حریت رہنماؤں کی اپیل پر کشمیریوں نے بھارت کے خلاف شدید احتجاج کیا اور بھارتی فورسز سےجھڑپوں میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے رات گئے ضلع اسلام آباد میں بیج بہاڑہ کے علاقے کانیلوان میں ایک پر تشدد کارروائی کے دوران یاور نثار اور مزید ایک اور نوجوان کو ہلاک کردیا جن کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

یاورنثار کی نماز جنازہ میں شریک افراد نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے اور متعدد علاقوں میں عوام اور بھارتی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔

مزید پڑھیں:بھارتی فورسز کا لشکر طیبہ کے کمانڈر ابو دجانہ کی ہلاکت کا دعویٰ

بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا، بیروہ اور پامپور قصبوں میں نماز جمعہ کے بعد حالیہ دنوں میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی۔

ریاستی حکومت نے سری نگر اور بانیہال کے درمیان ریل سروس بھی معطل کر دی۔

ادھر حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کشمیریوں کے قتل عام میں اضافے اور بھارتی تفتیشی ادارے (این آئی اے) کی طرف سے حریت رہنماؤں کی رہائش گاہوں پر چھاپوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی تھی جس کے نتیجے میں سری نگر ، بڈگام ، اسلام آباد، بیج بہاڑہ ،کولگام ،پلوامہ ، شوپیاں ، سوپور ، پٹن ، حاجن ، بانڈی پور اور دیگر علاقوں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

یہ بھی پڑھیں:کشمیرکی مسلم اکثریتی شناخت کومٹانے کی سازش کی جارہی ہے،حریت قیادت

مظاہرین نے آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے اور متعدد مقامات پر پاکستانی پرچم بھی لہرایا جبکہ بھارتی پولیس نے نوہٹہ اور دیگرعلاقوں میں مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے ٹیلی فونک خطاب کیا جبکہ بھارتی فوجیوں نے جامع مسجد سری نگر میں بھی پیلٹ فائر کئے۔

اپنے خطاب میں میرواعظ عمر فاروق نے کہاکہ بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری عوام اور حریت قیادت کو اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا ۔

یاد رہے گزشتہ ماہ بھارتی ایجنسی این آئی اے نے کئی حریت رہنماؤں کو گرفتار کیا تھا۔

مزید پڑھیں:بھارت تحریک آزادی کو مسخ کرنے کی کوشش کررہا ہے، میرواعظ

نئی دلی کی ایک عدالت نے نظر بند حریت رہنماؤں الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ ، معراج الدین کلوال اور نعیم احمد خان کے ریمانڈ میں 14اگست تک توسیع کر دی ہے جبکہ شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار اور ایاز اکبر کو یکم ستمبر تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد شاہ کی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس شاہ نے نئی دلی میں ایک انٹر ویو میں کہا کہ ان کے نظر بند شوہر کو حراست کے دوران ہراساں اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہاکہ شبیر احمد شاہ کو ایک مجرم کی طرح عدالت میں لایا گیااور اسی طرح سے ہندو انتہا پسند ان پر کسی بھی وقت حملہ کر سکتے ہیں اس لیے ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024