• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

نئی وفاقی کابینہ کا ترقی کا سفر جاری رکھنے کا عزم

شائع August 4, 2017
— فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان
— فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: حلف اٹھانے والی نئی وفاقی کابینہ نے اپنے پہلے اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ویژن کو آگے لے کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

نئی وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا، جس میں انہوں نے حلف اٹھانے والے وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کو مبارکباد پیش کی۔

اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ کابینہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا ویژن ساتھ لے کر چلنے کا فیصلہ کیا جبکہ کابینہ کا اجلاس ہر ہفتے ہوا کرے گا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے ارکان دن یا رات کسی بھی وقت ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں سابق وزیر اعظم نے ترقی و خوشحالی کے جس سفر کا آغاز کیا اسے آگے لے کر چلوں گا، دس سالہ منصوبے کو آئندہ 10 ماہ میں مکمل کریں گے، سی پیک، توانائی، اقتصادی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کی پالیسیاں اسی طرح جاری رکھی جائیں گی، جبکہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدو جہد کی حمایت بھی جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نئی کابینہ قلیل اور طویل المدت اہداف پر کام کرے گی۔

انہوں نے تمام وزارتوں کو اپنے قلیل اور طویل المدت اہداف وزیر اعظم آفس کو جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اجلاس میں ہر ایک کو بات کرنےاور مسئلہ اٹھانے کی اجازت ہوگی، کابینہ کا آئندہ اجلاس صبح کی بجائے شام میں ہوا کرے گا تاکہ دفتری کام میں رکاوٹیں نہ آئیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کابینہ ارکان سے کہا کہ ہماری کارکردگی کے واضح نتائج سامنے آنے چاہیئیں، جبکہ کابینہ کے زیادہ سے زیادہ ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں شرکت کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے ارکان کو خود بھی پارلیمنٹ کے تمام اجلاسوں میں شرکت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزرا اپنی وزارتوں میں فیصلے کرنے کے لیے بااختیار ہوں گے اور انہیں وزیر اعظم کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024