• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

'نیا پاکستان نہیں چاہیے'، تحریک انصاف کی ویب سائٹ ہیک

شائع August 2, 2017 اپ ڈیٹ August 3, 2017

ہیکرز نے پاکستان کی مقبول حزبِ اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ویب سائٹ ہیک کرلی۔

ہیکرز کا پی ٹی آئی کی ویب سائٹ پر پیغام—اسکرین گریب
ہیکرز کا پی ٹی آئی کی ویب سائٹ پر پیغام—اسکرین گریب

'Death adders crew' نامی ہیکرز گروپ کی جانب سے گذشتہ شب پی ٹی آئی کی ویب سائٹ ہیک کیے جانے کے بعد www.insaf.pk پر جانے والے انٹرنیٹ صارفین کو ویب سائٹ پر ہیکرز کا پیغام دکھائی دینے لگا۔

ہیکرز نے گذشتہ روز تحریک انصاف سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی خاتون سیاستدان عائشہ گلالئی کی تصویر اور ان کے بیان کے ساتھ اپنے پیغام میں عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

یاد رہے کہ کہ گذشتہ روز عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں پہلے پیپلز پارٹی کا حصہ تھی جہاں خواتین کی عزت کی جاتی ہے، لیکن تحریک انصاف میں کچھ اور ہی ماحول دیکھا، پی ٹی آئی کے ماحول سے بہت سی خواتین پریشان ہیں جبکہ تحریک انصاف میں عزت دار خواتین کی کوئی جگہ نہیں ہے۔‘

انہوں نے پارٹی چیئرمین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عمران خان پر مغربی ماحول کا اثر ہے، وہ شاید پاکستان کو انگلینڈ سمجھتے ہیں اور پاکستان میں مغربی ثقافت لانا چاہتے ہیں، ان کا اپنی عادتوں پر کنٹرول نہیں اور وہ غلط ٹیکسٹ میسجز کرتے ہیں۔‘

مزید پڑھیں: تحریک انصاف میں عزت دار خواتین کی کوئی جگہ نہیں،عائشہ گلالئی

عائشہ گلالئی نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر بھی الزامات لگاتے ہوئے انہیں صوبے کا ڈان قرار دیا تھا۔

ہیکرز کے پیغام میں حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو پی ٹی آئی سے بہتر جماعت قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ 'ہمیں نیا پاکستان نہیں چاہیے، ہمیں ہمارا پرانا پاکستان ہی چاہیے'۔

ویب سائٹ ہیک ہونے کے چند گھنٹوں بعد جب انٹرنیٹ صارفین نے پی ٹی آئی کی ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی تو وہ خودکار طور پر یوٹیوب کے ایک صفحے پر جاپہنچتے۔

تاہم ایک روز بعد سیاسی جماعت کی ویب سائٹ کو بحال کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کی ویب سائٹ ہیک

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ہیکرز نے کسی سیاسی جماعت کی ویب سائٹ پر قبضہ کیا ہے، ماضی میں بھی ہیکرز کی جانب سے پاکستان کے مختلف محکموں اور سیاسی جماعتوں کی ویب سائٹ ہیک کی جاتی رہی ہیں۔

گذشتہ سال دسمبر میں بھی خیبرپختونخوا حکومت کی آفیشل ویب سائٹ 'پشتون سائبر آرمی' نامی ہیکرز کی جانب سے ہیک کرلی گئی تھی۔

ہیکرز نے خیبرپختونخوا کی حکمران جماعت پی ٹی آئی کے 'تبدیلی' کے نعرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ویب سائٹ پر پیغام چھوڑا، 'تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی آگئی ہے، ہم آپ کے سسٹم میں داخل ہوچکے ہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024