• KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am
  • KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am

’وزیراعظم کی نااہلی کا سہرا تحریک انصاف کے سر‘

شائع July 28, 2017

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دینے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے اس فیصلے کو پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل قرار دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کا رد عمل

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے فیصلے کے فوراً بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی دن ہے، اب پاکستان کو مضبوط کرنے اور دہشت گردی سے نجات حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس تاریخی موقع پر ہم پاکستان کے سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پشن کرتے ہیں۔ انہوں نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا۔

تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے پاناما فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پیدائشی نا اہل کو تا حیات نا اہل قرار دے دیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کا رد عمل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ (نواز شریف کو) نااہل قرار دے دیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے پاناما فیصلے کے حوالے سے کہا کہ فیصلہ امید کے مطابق آیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ یہ مقدمہ ہار گئی ہے اس لیے اب وہ مزاحمت نہیں کریں گے لیکن وہ ہمیشہ کہیں گے کہ ان پر کرپشن کا الزام نہیں لگا انہیں تکنیکی بنیادوں پر نا اہل قرار دیا گیا جس کا انہیں افسوس ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام اپوزیشن پارٹیوں نے اپنا کردار ادا کیا جبکہ اس کا تمام تر سہرا تحریک انصاف اور عمران خان کو جاتا ہے جو یہ کیس سپریم کورٹ میں لے کر گئے۔

عوامی مسلم لیگ کا ردعمل

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی بینچ کی جانب سے پاناما پیپز کیس کے تاریخی فیصلے کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں پاناما فیصلے کو پاکستان کی جیت قرار دیا۔

شیخ رشید نے پاناما فیصلے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی تصویر جاری کی جس میں وہ عمران خان کے ساتھ اپنی جیت کا جشن منا رہے ہیں۔

شیخ رشید نے اپنے منفرد انداز میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عید قرباں سے قبل ہی قربانی ہوگئی۔

آل پاکستان مسلم لیگ کا رد عمل

سابق صدر پاکستان اور آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔

نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ نواز شریف نے اسرائیلی مشینری خرید کر اپنی فیکٹری میں لگائیں۔

انہوں نے کہا ’پاکستان قوم کو مبارک ہو اور جے آئی ٹی کو بھی مبارک باد پیش کرتے ہیں‘، علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود بھی مٹھائی کھائی ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت نہیں ہورہی تھی بلکہ حکومت خود پاناما کیس میں الجھی ہوئی تھی اور اب نئے دور کا آغاز ہے جسے ’خاموش انقلاب‘ قرار دیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 19 نومبر 2024
کارٹون : 18 نومبر 2024