ماہرہ خان کی رنبیر کپور سے متعلق خبر کی تردید
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بھارتی میڈیا میں شائع ان کے اور بولی وڈ اسٹار رنبیر کپور سے متعلق خبر کی تردید کردی۔
ماہرہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختصر، صاف اور واضح الفاظ میں خبر کی تردید سے متعلق پوسٹ کی۔
ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ ایک بار بھی نہیں، دوسری بار بھی نہیں‘، جب کہ کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ تمام چیزوں کے لیے۔
ماہرہ خان کی اس پوسٹ کو ہزاروں افراد نے لائیک کیا، جب کہ سیکڑوں افراد نے کمنٹس کیے، کئی لوگوں نے اداکارہ کے جواب پر اطمینان کا اظہار کیا، جب کہ کئی افراد نے ان سے وضاحت بھی مانگی۔
تاہم اداکارہ نے اپنے مداحوں کے کسی سوال کی وضاحت نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان ’ووگ‘ انڈیا کے سرورق پر
خیال رہے کہ ماہرہ خان نے یہ پوسٹ بھارتی میڈیا میں شائع جھوٹی خبروں کے رد عمل میں شیئر کی۔
ممبئی مرر نے خفیہ ذرائع کے حوالے سے سب سے پہلے 18 جون کو خبر دی تھی کہ 32 سالہ پاکستانی اداکارہ 34 سالہ اداکار کے ساتھ دیکھی گئیں۔
خبر میں بتایا گیا کہ دونوں اداکاروں نے ایک ساتھ وقت گزارا، جب کہ پاکستانی اداکارہ چاہتی ہیں کہ بولی وڈ میں ان کے روابط ہوں۔
بعد ازاں دیگر بھارتی اخبارات نے بھی اس خبر کو بنیاد بناکر جھوٹی خبریں شائع کیں، تاہم بولی وڈ لائف میں خبر کے ساتھ ساتھ لوگوں سے سروے بھی کیا گیا۔
سروے کے نتائج میں 72 فیصد بھارتیوں کا بھی یہ خیال تھا کہ یہ خبر جھوٹی ہے، اس بات میں کوئی صداقت نہیں، تاہم 27 فیصد لوگوں کا خیال تھا کہ خبر میں صداقت ہے۔
مزید پڑھیں: شاہ رخ نے مجھے بگاڑ دیا ہے، ماہرہ خان
خیال رہے کہ اس خبر سے قبل رواں برس مارچ 2017 میں رنبیر کپور اور ماہرہ خان نے دبئی میں گلوبل ٹیچرز پرائز کی ایوارڈ تقریب میں شرکت کی تھی۔
تقریب کے دوران دونوں اداکاروں کے درمیان ملاقات ہوئی، جس کی تصاویر گلوبل ٹیچرز پرائز کے پروگرام میں شرکت کرنے والے مختلف افراد نے اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھیں۔
اسی تقریب کے دوران ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو اداکار رنبیر کپور نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی، اس واقعے اور ویڈیو کو بنیاد بنا کر بھارتی میڈیا نے پاکستانی اداکارہ کے خلاف جھوٹی خبریں چلائیں۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ ماہرہ خان کی صلاحیتوں سے متاثر
تاہم پاکستانی اداکارہ نے خبروں کی تردید کرتے ہوئے انسٹاگرام پر مختصر پوسٹ شیئر کی۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’رئیس‘ کے ذریعے بولی وڈ ڈیبیو کر چکی ہیں، جب کہ وہ ان دنوں مختلف ڈراموں اور دیگر پروجیکٹ کی تکمیل میں مصروف ہیں۔