• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی: فائرنگ سے ایک ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق، ایک زخمی

شائع July 24, 2017 اپ ڈیٹ July 25, 2017

لاہور میں دھماکے کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے چند گھنٹے بعد ہی کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

نامعلوم مسلح افراد نے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو ابوالحسن اصفہانی روڈ پر فرائض کی انجام دہی کے دوران نشانہ بنایا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) گڈاپ چوہدری سیف اللہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ٹریفک وارڈنز پر پیراڈائس بیکری کے قریب حملہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے دونوں اہلکار زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک ٹریفک وارڈن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمی اہلکاروں کو ایمبولینس کے پہنچنے میں تاخیر کے باعث رکشے میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار کا کہنا تھا کہ حملہ کرنے والے دہشت گرد موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے ٹریفک پولیس اہلکار کے سر پر جبکہ زخمی اہلکار کے سینے پر گولی لگی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ایک ٹریفک پولیس اہلکار کی ایم پی فائیو رائفل بھی ساتھ لے گئے۔

یاد رہے کہ تین روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں دارالعلوم کے قریب پولیس وین پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار اور 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں کو چہرے، ماتھے اور سینے پر گولیاں ماری گئیں۔

سی ٹی ڈی حکام نے میڈیکو لیگل افسر ڈاکٹر شیراز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو 7 سے 10 فٹ کے فاصلے سے گولیاں ماری گئیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024