کنگنا رناوٹ شوٹنگ کے دوران شدید زخمی
بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ اپنی فلم 'منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی' کی شوٹنگ کے دوران ایک کرتب کرتے ہوئے شدید زخمی ہوگئیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوٹ حیدرآباد میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، جہاں انہیں ایک سین میں ساتھی اداکار نہار پانڈیا کے ساتھ تلوار بازی کرنی تھی۔
اس دوران فلم کے ہدایت کار نے انہیں باڈی ڈبل استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیا تاہم کنگنا رناوٹ نے اس سین کو خود شوٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔
مزید پڑھیں: کنگنا 'جھانسی کی رانی' ؟
البتہ ایک موقع پر نہار نے کنگنا کو تلوار ماری جہاں انہیں نیچے جھکنا تھا، لیکن وہ اس وار سے زخمی ہوگئیں جس کے بعد ان کے سر سے خون بہنے لگا۔
کنگنا رناوٹ کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کے سر پر 15 ٹانکے آئے ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق کنگنا کے سر پر لگنے والی چوٹ کافی گہری تھی تاہم اب وہ پہلے سے بہتر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کنگنا اور شاہ رخ، سنجے لیلا کی فلم میں کاسٹ
اس حادثے کے حوالے سے فلم کے پروڈیوسر کمال جین کا کہنا تھا کہ 'ہسپتال جانے میں 30 منٹ کا وقت لگا لیکن کنگنا رناوٹ نے اس دوران بہت بہادری کا مظاہرہ کیا، نہار نے ان سے معافی بھی مانگی لیکن کنگنا جانتی ہیں کہ اس میں نہار کی کوئی غلطی نہیں تھی'۔
جب کمال جین سے پوچھا گیا کہ کنگنا اپنی چوٹ کے نشان کو چھپانے کے لیے میک اپ کا استعمال کریں گی تو انہوں نے بتایا کہ اداکارہ کو اس چوٹ کے نشان پر فخر ہے اور وہ فلم میں اسے ضرور ظاہر کریں گی، جھانسی کی رانی ایک جنگجو خاتون تھیں اور کنگنا نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ان کی ہی طرح فخر سے اس نشان کو دکھائیں گی'۔
یہ بھی پڑھیں: ’نمبر ون اداکارہ ہوں‘
فلم جھانسی کی رانی، رانی لکشمی بائی کی زندگی پر مبنی ہے جس کی ہدایات کرش دے رہے ہیں۔
فلم اگلے سال 27 اپریل کو ریلیز کی جائے گا۔