• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

راولپنڈی: ڈکیتی و قتل کے 2 ملزمان مدعی کی فائرنگ سے ہلاک

شائع July 19, 2017

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے تحصیل گجر خان کچہری میں پیشی پر لائے گئے ڈکیتی و قتل کے دو ملزمان کو مقدمے کے مدعی نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان محمد عثمان اور عدنان الطاف کو قتل کے مقدمے میں پیشی کے لیے گجر خان کچہری لے جایا جارہا تھا کہ محمد رمضان نامی شخص نے دونوں پر فائرنگ کر دی جس سے ایک ملزم موقع پر دم توڑ گیا، جبکہ دوسرے کو شدید زخمی حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔

پولیس کے مطابق محمد عثمان اور عدنان پر فائرنگ کرنے والے ملزم نے گجر خان پولیس کو گرفتاری دے دی، جبکہ ملزم کے قبضے سے پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔

ایس ایچ او گجر خان نے ڈان نیوز کو بتایا کہ ملزمان نے دو سال قبل ملزم رمضان کے دو بھائیوں کو قتل کیا تھا، جس کا بدلہ لینے کے لیے ملزم نے کچہری میں فائرنگ کر کے دونوں ملزمان کو قتل کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں بچی ریپ کے بعد قتل، 2 ملزمان گرفتار

انہوں نے کہا کہ ملزم رمضان کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب گجر خان کچہری پیشی کے دوران فائرنگ سے مارے جانے والے ملزمان کے اہل خانہ نے لاشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ عثمان اور عدنان کو پیشی کے وقت سیکورٹی مہیا نہیں کی گئی تھی۔

مقتولین کے ورثا نے واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔

ایس پی صدر نے کچہری کی سیکیورٹی پر تعینات تمام پولیس اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا۔

انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ مقتولین کے قتل میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا، جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024