کنگنا کا مذاق اڑانے پر ورن دھون کی معذرت
انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز (آئیفا) کی رواں سال منعقد ہونے والی تقریب کی میزبانی بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر اور اداکار سیف علی خان نے کی، جہاں ورن دھون نے ان دونوں کے ساتھ مل کر اسٹیج پر اداکارہ کنگنا رناوٹ کا مذاق اڑایا تھا۔
جس کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین نے ان تینوں کو کنگنا رناوٹ کی غیر موجودگی میں ان کا مذاق اڑانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: آئیفا ایوارڈز: کرن، سیف اور ورن نے اڑایا کنگنا کا مذاق
اور اب ورن دھون نے اپنی غلطی کا احساس کرتے ہوئے کنگنا کا مذاق اڑانے پر مداحوں سے معافی مانگ لی۔
ورن دھون نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ’مجھے افسوس ہے اور میں معافی مانگتا ہوں، اگر میں نے اپنے اس مذاق سے کسی کا دل دکھایا ہے تو میں اس کے لیے معافی کا طلب گار ہوں‘۔
خیال رہے کہ آئیفا اسٹیج پر ورن دھون، کرن جوہر اور سیف علی خان نے بولی وڈ میں اقرباء پروری ہونے کے حوالے سے بات کی اور نہایت فخر سے بتایا کہ یہ تینوں اسی کے باعث آج اس مقام پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ نے لگایا کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام
اس موقع پر ورن دھون نے کرن جوہر سے سوال کیا تھا کہ ’آپ کی فلم میں ایک گانا تھا بولے چوڑیاں بولے کنگنا‘۔
اس پر کرن جوہر کا کہنا تھا کہ ’کنگنا نہ ہی بولے تو اچھا ہے، وہ بہت بولتی ہے‘۔
خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ نے رواں سال کرن جوہر کے شو 'کافی ود کرن' میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے کرن جوہر پر اقرباء پروری کرنے کے ساتھ ساتھ کئی الزامات لگائے تھے۔
مزید پڑھیں: 'اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو چھوڑ دیں'
جس کے بعد کنگنا رناوٹ اور کرن جوہر کے درمیان نئی بحث کا آغاز ہوگیا تھا۔