• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

کرپشن الزامات: ہسپانوی فٹبال تنظیم کے سربراہ سمیت 4 افراد گرفتار

شائع July 19, 2017
ہسپانوی پولیس اسپین فٹبال فیڈریشن کے چیئرمین کو ان کے دفتر سے گرفتار کرکے لے جا رہی ہے — فوٹو/ اے ایف پی
ہسپانوی پولیس اسپین فٹبال فیڈریشن کے چیئرمین کو ان کے دفتر سے گرفتار کرکے لے جا رہی ہے — فوٹو/ اے ایف پی

میڈریڈ: اسپین میں فٹبال کے امور چلانے والی تنظیم اسپین فٹبال فیڈریشن کے صدر اینجل ماریہ ولر کو ان کے بیٹے گورکا ولر اور فیڈریشن کے دیگر دو اعلیٰ عہدیداران سمیت کرپشن کے الزام میں فیڈریشن کے دفتر سے گرفتار کرلیا گیا۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق سرکاری وکیل اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ اینجل ماریہ ولر کو اسپین میں ہونے والے فٹبال میچوں میں غیر مناسب انتظامات کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جن سے ان کے بیٹے کو ذاتی مالی فائدہ حاصل ہوا تھا۔

اینجل ماریہ ولر اسپین فٹبال فیڈریشن کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) کے سینئر نائب صدر اور یورپی یونین فٹبال ایسوسی ایشن (یوئیفا) کے نائب صدر کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔

مزید پڑھیں: مانچسٹر یونائیٹڈ یورپ کا مہنگا ترین فٹبال کلب

ہسپانوی پولیس کے مطابق چاروں افراد کو فٹبال میچ کے ناماسب انتظام، فنڈز کے غلط استعمال، کرپشن اور جعلی دستاویزات بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تنظیم نے اینجل ماریہ ولر کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی خبروں کا نوٹس لیا، چونکہ یہ ہسپانوی فٹبال کا اندرونی معاملہ ہے لہٰذا فیفا چاہتا ہے کہ اس معاملے کی تفصیلات اسپین فٹبال فیڈریشن سے ہی طلب کی جائیں۔

اسپین میں کھیلوں کی اعلیٰ کونسل کی شکایت پر پولیس نے 2016 کے اوائل میں ہی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ اسپین فٹبال فیڈریشن کے صدر نے قومی ٹیم کے جو بین الاقوامی مقابلے منعقد کیے ان سے ان کے بیٹے کو ذاتی کاروباری اور مالی فوائد حاصل ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: فٹبال اسٹار میسی شادی کے بندھن میں بندھ گئے

مذکورہ افراد کی گرفتاری کے بعد اسپین کے وزیر کھیل، ثقافت اور تعلیم انیگو مینڈیز ڈی ویگو نے قومی ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسپین میں قانون کی بالادستی ہے اور قانون سب کے لیے برابر ہے جبکہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

یورپی فٹبال تنظیم یوئیفا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ تنظیم اینجل ماریہ ولر اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کی خبروں کے حوالے سے واقف ہے تاہم اس وقت اس معاملے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتی۔

یاد رہے کہ فٹبال کے سابق کھلاڑی 67 سالہ ولر 1988 سے اسپین فٹبال فیڈریشن کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں اور ان کے اس دور میں اسپین کی قومی ٹیم 2010 میں فٹبال کا عالمی کپ جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی جبکہ 2008 اور 2012 میں اسپین کی ٹیم یورپی کپ بھی اپنے نام کر چکی ہے۔

اینجل ولر عالمی اور یورپی سطح پر فٹبال کی سیاست میں ملوث رہے ہیں جبکہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے الزامات کی زد میں آنے والے فٹبال کے عالمی رہنماؤں کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024