آئیفا ایوارڈز: کرن، سیف اور ورن نے اڑایا کنگنا کا مذاق
بولی وڈ کے نامور ایوارڈز آئیفا کی شاندار تقریب رواں سال نیویارک میں منعقد ہوئی، جہاں خواتین کو ان کی شاندار کارکردگی اور معاشرے میں ہمت و بہادری کے ساتھ آگے آنے پر خوب سراہا گیا۔
اداکارہ سونم کپور کی فلم ’نیرجا‘ کو بہترین فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا، تو دوسری جانب اداکارہ تپسی پنو کو فلم ’پنک‘ میں اپنے بہترین کردار کے لیے سال کی بہترین خاتون (ویمن آف دی ایئر) کا اعزاز دیا گیا۔
لیکن آئیفا کی میزبانی کرنے والے سیف علی خان اور کرن جوہر نے ورن دھون کے ساتھ مل کر اسٹیج پر جہاں اقرباء پروری کی بات کی، وہیں بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا مذاق بھی اڑایا۔
مزید پڑھیں: کنگنا رناوٹ نے لگایا کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام
ہوا کچھ یوں کہ جب ورن دھون اسٹیج پر پہنچے تو سیف علی خان نے ان سے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں صرف اپنے والد ڈیوڈ دھون کی وجہ سے موجود ہیں، جس پر ورن نے جواب دیا کہ سیف اس مقام پر اپنی والدہ شرمیلا ٹیگور کی وجہ سے کھڑے ہیں، جبکہ کرن جوہر نے بھی کہا کہ وہ خود یہاں اپنے والد یش جوہر کی وجہ سے موجود ہیں۔
اس موقع پر ورن دھون نے کرن جوہر سے سوال کیا ’آپ کی فلم میں ایک گانا تھا بولے چوڑیاں بولے کنگنا‘۔
یہ بھی پڑھیں: 'اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو چھوڑ دیں'
اس پر کرن جوہر کا کہنا تھا کہ ’کنگنا نہ ہی بولے تو اچھا ہے، وہ بہت بولتی ہے‘۔
خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ نے رواں سال کرن جوہر کے شو 'کافی ود کرن' میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے کرن جوہر پر اقرباء پروری کرنے کے ساتھ ساتھ کئی الزامات لگائے تھے۔
شو کے دوران ایک موقع پر کرن جوہر نے جب کنگنا سے سوال کیا کہ وہ اپنی سوانح حیات کو کیا نام دیں گی، تو اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'اگر میں کبھی اپنی سوانح حیات لکھوں، تو اس میں ایک پورا مضمون شامل کروں گی، جس کا نام ہوگا کرن جوہر کی اقرباء پروری'۔
یہ بھی پڑھیں: کرن جوہر کا مشورہ، کنگنا رناوٹ کا کرارا جواب
جس کے بعد ایک تقریب میں 'کافی ود کرن' کی مذکورہ قسط کے حوالے سے کرن جوہر نے کنگنا رناوٹ کو بولی وڈ چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'میں تھک چکا ہوں کنگنا کے ہر وقت عورت ہونے کی حیثیت سے خود کو مظلوم ثابت کرنے کے قصے سن سن کر، آپ ہر وقت خود کو مظلوم ثابت نہیں کرسکتے، ہر وقت ایک دکھی کہانی نہیں سنا سکتے، اگر بولی وڈ اتنا ہی بُرا ہے تو اسے چھوڑ دیں'۔
تاہم اس بحث کا اختتام یہیں پر نہیں ہوا، بعد ازاں جب کنگنا رناوٹ سے کرن جوہر کے دیے گئے مشورے پر سوال کیا گیا تو اداکارہ نے انہیں کرارا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’انڈین فلم انڈسٹری ایک چھوٹا فلم اسٹوڈیو نہیں جو کرن جوہر کو ان کے والد نے ورثے میں دیا، انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا تعلق ہر ہندوستانی سے ہے اور اس میں باہر سے آنے والے فنکاروں کی بہت جگہ ہے جیسے کہ میں، جس کے والدین کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ مجھے باقاعدہ ٹریننگ دے سکتے، میں نے اپنا کام سیکھا ہے اور اس کا معاوضہ لیتی ہوں، کرن جوہر کوئی نہیں ہوتے مجھے یہ کہنے والے کہ میں انڈسٹری کو چھوڑ دوں، میں کہیں بھی نہیں جانے والی'۔
یہ بھی پڑھیں: 'میں بھی اقرباء پروری کا ذمہ دار ہوں'
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر کرن جوہر کی 2014 کی ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی، جس میں وہ خود اقرباء پروری کی بات کرتے ہوئے اپنے آپ کو بھی اس عمل کا مجرم قرار دیتے نظر آئے۔
اس ویڈیو میں کرن جوہر کا بولی وڈ میں اقرباء پروری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کے علاوہ اور بہت سی وجوہات ہیں جو آپ کو ایک اسٹار بناتی ہیں، بہت سارے قابل لوگ موجود ہیں جنہیں صحیح پلیٹ فارم نہیں ملتا'۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کنگنا رناوٹ آئیفا میں کیے جانے والے مذاق پر کیا ردعمل دیں گی.