• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

لیموں کے چھلکوں کے یہ فوائد جانتے ہیں؟

شائع July 16, 2017
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

لیموں ایک ایسی چیز ہے جو گھروں میں بہت عام استعمال ہوتی ہے اس کے متعدد طبی فوائد بھی ہیں۔

وٹامن سی سے بھرپور ہونے کے باعث اسے متعدد فوائد کا حامل مانا جاتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے اس کے چھلکے بھی متعدد امراض سے تحفظ دینے کے لیے بھی مفید ہیں؟

درحقیقت ان چھلکوں میں لیموں کے مقابلے میں پانچ سے دس گنا زیادہ وٹامنز پائے جاتے ہیں جبکہ کیلشیئم، پوٹاشیم اور دیگر منرلز سے بھی بھرپور ہوتے ہیں، مگر انہیں عام طور پر پھینک دیا جاتا ہے۔

یہاں لیموں کے چھلکوں کے صحت کے لیے ایسے فوائد جانیں جن سے ہوسکتا ہے آپ لاعلم ہوں۔

مزید پڑھیں : لیموں کے 7 حیران کن طبی فوائد

کینسر سے تحفظ

ہوسکتا ہے یہ حیران کن ہو مگر لیموں کے چھلکوں میں ایسے اجزاءپائے جاتے ہیں جو کینسر سے متاثرہ خلیات کا مقابلہ کرتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق لیموں کے چھلکے کا چائے میں استعمال کینسر زدہ خلیات کی نشوونما کی روک تھام کرتا ہے۔

ہڈیوں کے لیے مفید

لیموں کے چھلکوں میں چونکہ وٹامن سی اور کیلشیئم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، اسی لیے وہ ہڈیوں کی صحت کو بہتر بنانے اور مستحکم رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں، یہ جوڑوں کے امراض، ہڈیوں کے بھربھرے پن اور دیگر امراض وغیرہ سے بھی تحفظ دیتے ہیں۔

منہ کی صحت

جسم میں وٹامن سی کی کمی دانتوں کے مسائل کا باعث بنتی ہے، چونکہ لیموں کے چھلکے اس وٹامن اور سٹرک ایسڈ سے بھرپور ہوتے ہیں، لہذا وہ اس کمی کو پورا کرکے دانتوں کے امراض سے بچانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لیموں کے 14 کارآمد استعمال

جسمانی وزن میں کمی

یہ چھلکے موٹاپے سے نجات دلانے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، جس کی وجہ ان میں موجود ایک جز پیسٹین ہے جو کہ جسمانی وزن میں کمی لانے کی کوششوں کو بہتر بناتا ہے۔

کولیسٹرول اور امراض قلب کا خطرہ کم کرے

لیموں کے چھلکوں میں موجود پولی فینول فلیونوئڈز جسم میں کولیسٹرول لیول کو مستحکم رکھنے میں مدد دیتے ہیں، اسی طرح پوٹاشیم بلڈ پریشر کو بہتر کرتا ہے جبکہ امراض قلب جیسے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بھی کولیسٹرول کی سطح برقرار رکھ کر کم کرتے ہیں۔

جلدی مسائل سے تحفظ

یہ چھلکے کیل مہاسے، جھریاں، گہرے حلقے اور دیگر جلدی مسائل کے خلاف بھی موثر ثابت ہوتے ہیں۔

قبض سے بچائے

ان میں موجود غذائی فائبر معدے کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور آنتوں کی سرگرمیاں ٹھیک رہتی ہیں جس سے قبض کا خطرہ کم ہوتا ہے، اس طرح وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو بہتر بناکر موسمی نزلہ زکام سے بچا سکتا ہے۔

انہیں استعمال کیسے کریں؟

اس کے کئی طریقے جن میں سے کچھ درج ذیل ہیں۔

لیموں کے چھلکوں کو دو یا تین گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں اور پھر کدوکش سے چھیل لیں، ان چھیلے ہوئے چھلکوں کو مشروبات یا غذا میں کچھ مقدار میں چھڑک کر استعمال کریں۔

ان چھلکوں کو چھیل کر چائے میں ڈال کر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اگر ان چھلکوں کو خشک کرلیا جائے اور پھر پیس کر باریک سفوف کی شکل دے دیں، تو آپ اس پاﺅڈر کو محفوظ کرکے چہرے کو عمر کے اثرات سے بچانے والے ٹونر کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024