سام سنگ نے سینما انڈسٹری کو تبدیل کردیا
کئی سال سے دنیا بھر کی سینما انڈسٹری ایک ہی طریقے سے چل رہی ہے، البتہ ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک میں جدید دور کے مطابق ان میں تھوڑی بہت تبدیلیاں ضرور کی جا چکی ہیں۔
لندن سے نیویارک، پیرس سے ٹوکیو، ممبئی سے سڈنی اور کراچی سے کوالا لمپور تک سینما گھر آج بھی پروجیکٹر کے تحت ہی چلتے ہیں۔
سینما گھر بھلے ہی جدید، انٹرنیٹ اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوگئے ہوں، مگر اب بھی سینماؤں کے پردے پر پروجیکٹر ٹیکنالوجی کے تحت ہی فلمیں دکھائی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کا ایپل کے لیے بڑا 'تحفہ'
مگر اب ایسا نہیں ہوگا، اسمارٹ فونز اور الیکٹرانک آلات تیار کرنے والی کمپنی سام سنگ نے جدید سینما اسکرین متعارف کرادی، جو در حقیقت ایک بہت ہی بڑی ایل سی ڈی ہے۔
سام سنگ کی جانب سے پیش کی گئی ایل سی ڈی کسی بھی پروجیکٹ سسٹم کے بغیر ایک عام ٹی وی اور ایل سی ڈی کی طرح چلتی ہے۔
سام سنگ کا دعویٰ ہے کہ 4 کے کی حامل ہائی ڈائنامک رینج (ایچ ڈی آر) سے آراستہ ایل سی ڈی کا رزلٹ پروجیکٹر کے تحت چلنے والے کسی بھی جدید ترین پردے سے 10 گنا زیادہ بہتر ہے۔
سام سنگ کے 34 فٹ یا 406 انچ کی ایل سی ڈی کا ریزولیشن 4096 بائی 2160 ہے، جب کہ اس کے سائیڈ میں ہائی کوالٹی اسپیکر لگے ہوئے ہیں، جن میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:سام سنگ کے فولڈ ایبل فون حقیقت کا روپ دھارنے کے قریب
سام سنگ کی جانب سے پیش کی گئی اس جدید ترین اسمارٹ سینما ایل سی ڈی کو جنوبی کوریا کی ایک ملٹی پلیکس سینما گھر میں نصب بھی کیا جاچکا ہے۔
سام سنگ سینما ایل سی ڈی پر فلم دیکھنے کے بعد لوگوں نے اس کے رزلٹ کی تعریف کی۔
کمپنی کے مطابق ایل سی ڈی پر تھری ڈی فلموں کا رزلٹ مزید بہتر بنتا ہے، جب کہ ٹو ڈی فلموں کا رزلٹ شائقین کی سوچ سے بھی بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کا استعمال شدہ فونز فروخت کرنے کا منصوبہ
واضح رہے کہ عام طور پر سینما گھروں کے پردے 50 فٹ کے ہوتے ہیں، تاہم جدید دور میں کچھ سینما گھروں میں چھوٹے پردے بھی لگائے گئے ہیں۔
سام سنگ نے جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل سی ڈی کا سائز درمیانہ رکھا ہے، اب خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد دنیا بھر کے سینما گھر پردے اور پروجیکٹر سے نکل کر ایل سی ڈی کی دنیا میں داخل ہوں گے۔