• KHI: Fajr 4:56am Sunrise 6:14am
  • LHR: Fajr 4:15am Sunrise 5:39am
  • ISB: Fajr 4:16am Sunrise 5:42am
  • KHI: Fajr 4:56am Sunrise 6:14am
  • LHR: Fajr 4:15am Sunrise 5:39am
  • ISB: Fajr 4:16am Sunrise 5:42am

لاہور:رنگ روڈ’ایس ایل تھری‘کی تعمیر،بحریہ ٹاؤن کاحکم امتناعی خارج

شائع July 14, 2017

لاہور ہائی کورٹ نے رنگ روڈ ’ایس ایل تھری‘ کی تعمیر روکنے سے متعلق بحریہ ٹاؤن کا حکم امتناعی خارج کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو سڑک کی تعمیر کی اجازت دے دی۔

جسٹس امین الدین نے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے منصوبہ روکنے کے لیے جنوری 2016 میں حاصل کیا گیا حکم امتناعی خارج کردیا۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ رنگ روڈ کے ذریعے ملتان اور ساہیوال کو لاہور سے ملایا جائے گا۔

احمد اویس ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طریقے سے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) سے منظور کرائے بغیر اسکیم بنائی گئی اور پلاٹوں کے نقشے پاس کرائے بغیر ہی تعمیرات کر لی گئیں، جبکہ بحریہ ٹاؤن کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے کہ وہ حکم امتناعی کے لیے درخواست دے۔

بحریہ ٹاؤن کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی علالت کی وجہ سے ان کے ایسوسی ایٹس عدالت میں پیش ہوئے اور درخواست ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے حاصل کیا گیا حکم امتناعی خارج کردیا۔

فیصلے کے بعد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ موقف سننے بغیر یکطرفہ فیصلہ دیا گیا، ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

ہائی کورٹ کے فیصلے پر بحریہ ٹاون انتظامیہ نے شکوہ کیا کہ حکومت نے تعمیر سے متعلق مشاورت نہیں کی۔

دوسری جانب ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سمعیہ خالد کا کہنا تھا کہ فاضل عدالت کا اجازت نامہ ملنے کے بعد رنگ روڈ کی تعمیر رواں سال دسمبر میں مکمل کرلی جائے گی۔

لاہور ہائی کورٹ نے رنگ روڈ کی تعمیر سے متعلق بحریہ ٹاون کی تین درخواستوں سمیت مجموعی طور پر آٹھ درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی، جبکہ ایک درخواست پر کیس کی سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 10 اپریل 2025
کارٹون : 9 اپریل 2025