• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، 3 فلسطینی جاں بحق

شائع July 14, 2017

مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں نماز جمعہ سے قبل فائرنگ کرکے تین فلسطینیوں کو قتل کر دیا۔

العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واقعے کے حوالے سے اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ تینوں فلسطینیوں نے باب الاسباط سے نکل کر اسرائیلی پولیس اہلکاروں پر مبینہ طور پر فائرنگ کی، جس سے تین افراد زخمی ہوئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مبینہ مسلح حملہ آور مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوئے تو وہاں موجود پولیس اہلکاروں اور ان کے درمیان چھڑپ ہوئی، جس میں تینوں حملہ آور جاں بحق ہو گئے۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے فلسطینی ماہی گیر ہلاک

اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا کہ مقتولین کے پاس خودکار آتشی اسلحہ اور پستول تھا۔

اس حملے کے فورا بعد قابض اسرائیلی فوج نے مسجد اقصی کی تالا بندی اور تاریخی شہر القدس کی مکمل ناکا بندی کردی۔

بعد ازاں اسرائیلی پولیس نے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔

خیال رہے کہ 12 جولائی کو فلسطین میں مغربی کنارے کے شمالی حصے میں قائم مہاجرین کے جنین کیمپ میں اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کرکے دو فلسطینیوں کو قتل کردیا تھا۔

فلسطینی خاتون رکن پارلیمان کو 6 ماہ قید کی سزا

ادھر اسرائیل کی ایک عدالت نے فلسطین میں انسانی حقوق کی کارکن اور خاتون رکن پارلیمنٹ کے خلاف مقدمہ چلائے بغیر 6 ماہ قید کی سزا سنادی۔

خیال رہے کہ اسرائیلی پولیس نے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی رکن پارلیمان خالدہ جرار کو چند روز قبل مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں ان کے گھر سے حراست میں لیا تھا۔

واضح رہے کہ انسانی حقوق کی کارکن خالدہ جرار فلسطینی شہریوں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کی مخالفت کی وجہ سے اس سے قبل بھی متعدد بار قید وبند کی صعوبتیں برداشت کر چکی ہیں۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کے کارکنوں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانے والے افراد کو جیلوں میں قید کرنے کی پُرزور مذمت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نابالغ ہلاک

یاد رہے کہ اکتوبر 2015 سے شروع ہونے والی کشیدگی میں اب تک 280 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس عرصے میں 42 اسرائیلی، 2 امریکی، اردن کے دو شہری جبکہ ارٹیریا، سوڈان اور برطانیہ کا ایک ایک شہری ہلاک ہوا۔

یاد رہے کہ اسرائیلی حکام کا دعویٰ ہے کہ جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں نے اسرائیلی فورسز پر چاقو، دیگر اسلحے سے حملے کیے جبکہ فورسز پر کار حملے بھی کیے گئے اور فورسز نے انہیں دفاع میں ہلاک کیا جبکہ متعدد فلسطینیوں کو احتجاج، مظاہروں اور اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک کیا گیا۔

دوسری جانب فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے حملوں میں جاں بحق کیے جانے والے فلسطینی شہری غیر مسلح تھے۔

یاد رہے کہ حالیہ کچھ ماہ میں اسرائیلی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024