• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پاکستان کو دی جانے والی امریکی امداد کیلئے کانگریس کی سخت شرائط

شائع July 14, 2017

واشنگٹن: امریکی کانگریس کے ایک اہم پینل نے پاکستان کے لیے امریکی سول اور عسکری امداد کو افغان طالبان کے خلاف جنگ سے مشروط کرنے کے حوالے سے سماعت کا آغاز کردیا۔

2018 کے لیے اسٹیٹ فارن آپریشنز اپروپریشن ڈرافٹ بل کے ایک حصے کے حوالے سے سخت موقف اختیار کیا گیا ہے، یہ بل بحث کے لیے ہاؤس اختصاص کمیٹی یا (House Appropriations Committee) کے ارکان میں تقسیم کردیا گیا۔

اس ڈرافٹ میں پاکستان کی امداد کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے لیکن اس حوالے سے سیکریٹری آف اسٹیٹ کو قومی سلامتی کو مد نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، مذکورہ بل کی منظوری کے بعد سیکریٹری آف اسٹیٹ فارن ملٹری فنانسنگ (ایف ایم ایف) یا غیر ملکی فوجی امداد 85 فیصد تک جاری کرسکیں گے۔

اس بل میں پاکستان کی جانب سے پاک-افغان خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عزم پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، ’کمیٹی کو اب بھی خطے کے حوالے سے امریکی حکمت عملی کے لیے پاکستانی عزم سے متعلق تشویش ہے، جس میں دہشت گردی بھی شامل ہے‘۔

گذشتہ دنوں میں سینئر امریکی حکام اور قانون سازوں نے مشترکہ طور پر پاکستان کو واضح پیغام دیتے ہوئے زور دیا تھا کہ وہ طالبان کو شکست دینے میں امریکا اور افغانستان حکومت کی مدد کرے،ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا کرنے میں ناکامی کی صورت میں امریکا، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے دوبارہ غور کرے گا۔

بل میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ جب تک ڈاکٹر شکیل آفریدی کو رہا نہیں کردیا جاتا اور ان پر اسامہ بن لادن کو تلاش کرنے میں امریکا کی مدد کرنے کے لگائے گئے تمام الزامات کو ختم نہیں کردیا جاتا، سیکریٹری آف اسٹیٹ اس وقت تک 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے فنڈز جاری نہیں کریں۔

کمیٹی نے پاکستان کی امداد کے لیے 64 کروڑ اور 22 لاکھ ڈالر کی تجویز پیش کی ہے اور پاکستان کی امداد کے لیے کیری اوور بل کی مد میں ایک ارب 37 کروڑ ڈالر تک بڑھانے دی ہے۔

کمیٹی نے پاکستان کے ساتھ سفارتی آپریشنز کے لیے 11 کروڑ 50 لاکھ سے 54 کروڑ 20 لاکھ مقرر کرنے کی تجویز بھی دی۔

سیکریٹری آف اسٹیٹ کو کہا گیا ہے کہ اس بات کی تصدیق کی جائے کہ آیا پاکستان دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں امریکا کو حقانی نیٹ ورک، کوئٹہ شوریٰ طالبان، لشکر طیبہ، جیش محمد، القاعدہ، دیگر مقامی اور غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف تعاون فراہم نہیں کررہا ہے، جس میں ان تنظیموں کی مدد کو روکنے کے لیے موثر اقدامات اور انہیں پاکستان میں بیس کیمپ اور آپریٹ کرنے سے روکنے کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنانا بھی شامل ہے تاکہ وہ ہمسایہ ممالک کے خلاف سرحد پار کارروائیاں نہ کرسکیں۔

ان فنڈز کے اجرا کے لیے سیکریٹری آف اسٹیٹ کو ایک تصدیق بھی چاہیے ہوگی کہ پاکستان، افغانستان میں اتحادی اور امریکی فورسز کے خلاف ہونے والی دہشت گرد سرگرمیوں کی حمایت نہیں کررہا اور پاکستان کی فوج قیادت اور خفیہ ایجنسیاں ملک کے سیاست اور عدالتی نظام میں ماورائے قانون مداخلت نہیں کررہے۔

اس تصدیقی سرٹیفکیٹ میں اس بات کو بھی ضروری شامل کیا جائے گا کہ پاکستان، طالبان اور دیگر نامزد دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے یا ان کے حمایت یافتہ گروپوں کے ذریعے چلائے جانے والے اسکولوں کی حمایت یا مالی معاونت نہیں کررہا اور اسلام آباد جوہری مواد اور اس حوالے سے مہارت کے پھیلاؤ میں ملوث نہیں۔

بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’فارن ملٹری فنانسنگ پروگرام‘ کے تحت فراہم کیے جانے والے فنڈز پاکستان میں صرف اور صرف انسداد دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف استعمال کیے جائیں گے، اور یہ فنڈز پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی خریداری کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگئی جیسا کہ وہ ماضی میں ایسا کرچکا ہے۔


یہ رپورٹ 14 جولائی 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024