• KHI: Asr 5:05pm Maghrib 6:54pm
  • LHR: Asr 4:40pm Maghrib 6:31pm
  • ISB: Asr 4:46pm Maghrib 6:39pm
  • KHI: Asr 5:05pm Maghrib 6:54pm
  • LHR: Asr 4:40pm Maghrib 6:31pm
  • ISB: Asr 4:46pm Maghrib 6:39pm

وزیراعظم، اماراتی ہم منصب سے فوری رابطے کے خواہشمند

شائع July 13, 2017

دفتر خارجہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کو لکھے گئے خط میں وزیر اعظم نواز شریف نے یو اے ای کے اعلیٰ حکام سے فوری روابط کی خواہش ظاہر کردی۔

باوثوق ذرائع کے مطابق 12 جولائی کو دفتر خارجہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے اسلام آباد میں موجود سفارت خانے کو ایک خط لکھا گیا، جس میں وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے یو اے ای کے اعلیٰ حکام سے ٹیلی فونک رابطوں کے لیے خواہش کا اظہار کیا گیا۔

ڈان نیوز کو حاصل ہونے والے دفتر خارجہ کے اس خط کے مطابق وزیراعظم متحدہ امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بذریعہ ٹیلی فون رابطے کے خواہش مند ہیں۔

سرکاری خط میں وزیر اعظم آفس کے تین لینڈ لائن نمبرز بھی درج ہیں جن کے ذریعے اماراتی حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کا مکمل ٹیکس ریکارڈ موجود نہیں، جے آئی ٹی رپورٹ

خط میں لکھا گیا ہے کہ ابوظہبی میں موجود پاکستانی سفارتخانے نے پہلے بھی اماراتی نائب صدر و وزیر اعظم سے رابطہ کرانے کی کوشش کی، تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے۔

ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ میں تعینات ڈی جی مشرق وسطیٰ نے اماراتی نائب سفیر کو بلا کر انہیں ذاتی طور پر یہ خط حوالے کیا، جس میں وزیر اعظم نواز شریف کی اماراتی اعلیٰ حکام سے رابطے کے لیے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے اس خواہش کا اظہار پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی طرف سے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سازش کے ہدایت کار پاکستان سے باہر ہیں، وفاقی وزرا

10 جولائی کو جے آئی ٹی کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش کی گئی حتمی رپورٹ میں وزیراعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسین اور حسن نواز اور صاحبزادی مریم کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مندرجات منظر عام پر آنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے، تاہم وزیر اعظم نے رپورٹ کے تناظر میں مستعفی ہونے سے صاف انکار کردیا جبکہ وفاقی کابینہ نے ان کے اعلان کی توثیق بھی کر دی۔

کارٹون

کارٹون : 15 اپریل 2025
کارٹون : 14 اپریل 2025