• KHI: Maghrib 6:51pm Isha 8:08pm
  • LHR: Maghrib 6:26pm Isha 7:49pm
  • ISB: Maghrib 6:33pm Isha 7:59pm
  • KHI: Maghrib 6:51pm Isha 8:08pm
  • LHR: Maghrib 6:26pm Isha 7:49pm
  • ISB: Maghrib 6:33pm Isha 7:59pm

کلبھوشن سے ملاقات کیلئے والدہ کی پاکستان سے درخواست

شائع July 13, 2017

پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کا جرم ثابت ہونے کے الزام میں فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی والدہ نے ان سے ملاقات کی درخواست کردی جس پر پاکستان کا کہنا ہے کہ اس درخواست کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی والدہ کی جانب سے بھارتی حکام نے جاسوس سے ملاقات کی درخواست کی اور پاکستان اس کا جائزہ لے رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ رواں سال جولائی تک بھارت نے 542 مرتبہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، بھارت کی بلااشتعال اور بلاجواز فائرنگ سے 18 شہری شہید ہوئے۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فائرنگ، 5 شہری جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کی توجہ کشمیریوں پر جاری مظالم سے ہٹانا چاہتا ہے، ایل او سی کے معاملے پر بھارتی ہائی کمشنر اور ڈپٹی ہائی کمشنر کو متعدد مرتبہ طلب کر کے احتجاج کیا گیا، پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہش مند ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خود دہشت گردی کروا کر پاکستان پر الزام لگانا بھارت کا وطیرہ رہا ہے، ماضی میں بھی متعدد مرتبہ دہشت گردی کے واقعات خود کرائے، کشمیر کی تحریک آزادی کو دہشت گردی سے تشبیہ دینے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے میڈیکل ویزہ کے حصول کے لیے بھارتی شرط مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ویزے کے لیے مشیر خارجہ کا خط سفارتی آداب کے خلاف ہے، بھارت کی جانب سے علاج چاہنے والے سنجیدہ پاکستانی مریضوں کو ویزہ کے اجرا میں شرائط عائد کرنا افسوسناک ہے۔

نفیس زکریا نے کہا کہ رواں ہفتے مقبوضہ کشمیر میں 6 کشمیریوں کو شہید کیا گیا،احتجاج کرنے والوں پر بھی تشدد کیا گیا، آج دنیا بھر میں کشمیری 1931 میں شہید ہونے والے کشمیریوں کی یاد میں یوم شہدا منا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر، بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے، مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل تک خطے کی 1.5 ارب آبادی کے لیے قیام امن ایک خواب رہے گا، ہم دنیا بھر میں یوم شہدا کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر:3نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد جھڑپیں

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں 2 لاپتہ سفارتی اہلکار جلال آباد سے پشاور جاتے ہوئے اغوا ہوئے، دو مزید پاکستانی شہریوں کے اغوا کی رپورٹس دیکھی ہیں، دونوں معاملات کو افغان انتظامیہ سے اٹھایا ہے، پاکستانی شہریوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

لاپتہ ہونے والے ریٹائر کرنل حبیب ظاہر کے حوالے سے نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر نیپالی انتظامیہ سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور نیپالی حکومت نے مطلع کیا ہے کہ معاملے پر تحقیقات جاری ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 7 اپریل 2025
کارٹون : 6 اپریل 2025