بدین: والد کے ہاتھوں 'غیرت کے نام' پر بیٹی قتل
بدین: صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں ٹنڈو باگو پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک 20 سالہ نوجوان خاتون کو ان کے والد نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا۔
اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) ٹندو باگو انور علی لغاری نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم محمد ابراہیم سومرو نے خود کو پولیس کے حوالے کرتے ہوئے اپنی بیٹی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔
ایس ایچ او نے ملزم محمد ابراہیم کے حوالے سے بتایا کہ انھوں نے اپنی بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کیا، جس نے 6 ماہ قبل گھر والوں کی مرضی کے خلاف ضلع میرپور خاص کے محمد ایوب راجڑ سے پسند کی شادی کی تھی۔
مزید پڑھیں:سندھ: غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی کو قتل کردیا
ایس ایچ او کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر مقتول لڑکی کے بھائی اللہ بخش سومرو کی مدعیت میں درج کرلی گئی، جبکہ خاتون کی لاش تعلقہ ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
علاقہ مکینوں نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لڑکی کے والد اور بھائی اسے اس وعدے پر واپس لائے تھے کہ وہ روایتی طریقے سے اس کی شادی کریں گے لیکن بعد میں وہ اپنی بات سے مکر گئے اور اسے قتل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:غیرت کےنام پر لڑکی کےقتل کی کوشش، قومی انسانی حقوق کمیشن کا ایکشن
پاکستان میں ہر سال عزت اور غیرت کے نام پر ایک ہزار سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور ایسا اکثر خاندان کے افراد کی جانب سے ہوتا ہے۔
گذشتہ ماہ 22 جون کو بھی سندھ کے ضلع نوابشاہ میں ایک شخص نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی جواں سالہ بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل اور ایک شخص کو زخمی کردیا تھا۔