• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

نااہلی کیس: عمران خان نے درخواست پر اعتراضات اٹھادیے

شائع July 6, 2017

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی فنڈنگ کیس میں نااہلی سے متعلق درخواست پر اپنے وکیل کے توسط سے اعتراضات اٹھادیے۔

یاد رہے کہ ممنوعہ ذرائع سے فنڈز لینے کے معاملے پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے لیے ہاشم علی بھٹہ نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے مذکورہ درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے موقع پر عمران خان کے وکیل شاہد گوندل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور درخواست پر اعتراضات جمع کروائے۔

عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ درخواست گزار ہاشم بھٹہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی نصیر بھٹہ کے بیٹے ہیں اور حکمران جماعت کی ایماء پر ہی عمران خان کے خلاف یہ درخواست دائر کی گئی۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کو پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم

درخواست گزار کو مسلم لیگ (ن) کا حامی ظاہر کرتے ہوئے اپنے اعتراضات میں شاہد گوندل کا کہنا تھا کہ لیگی رہنما نصیر بھٹہ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس میں ہائی کورٹ میں شریف خاندان کے حق میں بیان دیا تھا۔

انہوں نے الیکشن کمیشن سے اصرار کیا کہ پہلے ہمارے اعتراضات سنے جائیں کیونکہ عمران خان کی نااہلی کے لیے ای سی پی میں براہ راست درخواست دائر نہیں کی جاسکتی، لہذا پہلے فیصلہ کرلیا جائے کہ یہ پٹیشن قابل سماعت ہے بھی یا نہیں۔

جس پر چیف الیکشن کمشنر نے وکیل پی ٹی آئی کو مخاطب کرکے کہا کہ 'آپ اصل بات کا جواب دینے سے بچنے کے لیے اس معاملے سے بھی گریز کررہے ہیں'۔

چیف الیکشن کمشنر کے جواب پر وکیل شاہد گوندل نے کہا کہ 'آپ ہم پر غصہ تھوڑا کم کیا کریں'۔

وکیل کے اس جواب پر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ 'ڈھائی سال سے جواب بھی جمع نہیں کرایا جارہا اور دھونس دھمکیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے'۔

پی ٹی آئی وکیل کے اعتراضات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جسٹس سردار محمد رضا نے کہا 'ہمارا خیال تھا آج اس معاملے کو غیرمعینہ مدت تک سماعت ملتوی کردیتے'۔

یہ بھی پڑھیں: نااہلی کیس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنےکی پی ٹی آئی درخواست مسترد

جس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کے اعتراضات پر دلائل کے لیے سماعت کو 12 جولائی تک ملتوی کردیا۔

یاد رہے کہ 22 جون کو درخواست پر ہونے والی آخری سماعت میں عمران خان کے وکیل نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈنگ لینے کے معاملے پر جواب جمع کرانے کے لے الیکشن کمیشن سے ایک مرتبہ پھر مہلت مانگی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 6 جولائی تک جواب جمع کرانے کی مہلت دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024