توہین عدالت: عمران خان جواب جمع کرانے میں پھرناکام، وکیل تبدیل
اسلام آباد: توہین عدالت کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ایک بار پھر جواب جمع کرانے میں ناکامی پر الیکشن کمیشن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عمران خان کے جواب کی ضرورت نہیں، اب ہم صرف حکم سنائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی تھی، انھوں نے نومبر 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ لینے کے معاملے پر بھی ایک درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن میں اپنے خلاف جاری توہین عدالت کیس کی سماعت میں جواب جمع کرانے کے بجائے اپنا وکیل تبدیل کرلیا۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل شاہد گوندل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بینچ کو بتایا کہ عمران خان کی جانب سے اب بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوں گے۔
مزید پڑھیں: توہین عدالت کیس: عمران خان جواب جمع کرانے میں پھر ناکام
وکیل پی ٹی آئی نے ای سی پی کو آگاہ کیا کہ عمران خان کی جانب سے نیا جواب تیار کرلیا گیا ہے اور بابر اعوان یہ جواب الیکشن کمیشن میں دائر کریں گے۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ 'ہم نے عمران خان کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا'۔
رکن الیکشن کمیشن جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے استفسار کیا کہ 'بابر اعوان کا وکالت نامہ کہاں ہے؟'
جس پر وکیل شاہد گوندل کا کہنا تھا کہ بابر اعوان خود اپنا وکالت نامہ پیش کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے کیس پر اگلے روز سماعت کے اعلان پر پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے سماعت آئندہ ہفتے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: نااہلی اور توہین عدالت کیس میں عمران خان کو مزید مہلت
چیف الیکشن کمشنر نے استدعا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ نے اب تک جواب تیار نہیں کیا ہے'۔
وکیل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 'عمران خان چترال میں ہیں اس لیے وقت دیا جائے'۔
جس پر جسٹس (ر) سردار رضا کا کہنا تھا کہ 'عمران خان کبھی چترال میں ہوتے ہیں کبھی نتھیا گلی، ہمیں عمران خان کے جواب کی ضرورت نہیں اب ہم صرف حکم سنائیں گے'۔
جس کے بعد الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر فیصلہ سنانے کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 10 جولائی تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ 19 جون کو ہونے والی کیس کی آخری سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل شاہد گوندل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تھے اور کمیشن کو آگاہ کیا کہ عمران خان کے جواب پر ان کے دستخط نہیں لیے جاسکے اس لیے جواب جمع نہیں کرایا جاسکتا۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے تھے کہ عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے گذشتہ سماعت کے دوران جواب جمع کرانے کے لیے وقت طلب کیا تھا۔
تاہم شاہد گوندل نے کمیشن کو یقین دلایا تھا کہ اگلی سماعت پر جواب جمع کروا دیا جائے گا۔