• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

بہاولپور آئل ٹینکر سانحہ: ہلاکتوں کی تعداد 206 ہوگئی

شائع July 3, 2017 اپ ڈیٹ July 4, 2017

بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں پیش آنے والے آئل ٹینکر حادثے میں جھلس کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 206 ہوگئی۔

بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں 25 جون کو نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 150 سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

سانحے میں زخمی ہونے والے افراد کو احمد پور شرقیہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، ملتان کے نشاط ہسپتال، بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال اور لاہور کے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق مختلف ہسپتالوں میں حادثے کے اب بھی 65 زخمی زیر علاج ہیں۔

وکٹوریہ ہسپتال میں 25 مریضوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے، تاہم لاہور میں 9 اور ملتان میں 17 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ احمد پور شرقیہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں 14 زخمی زیر علاج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئل ٹینکر سانحہ: جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 190 ہوگئی

ڈان نیوز کے مطابق لاہور کے جناح ہسپتال میں حادثے کے زخمیوں کا اِسکن ٹرانسپلانٹ کیا جارہا ہے۔

جناح ہسپتال کے پروفیسر راشد ایاز نے صحافیوں کو بتایا کہ ہسپتال کو اتوار کی رات امریکا سے اِسکن گرافٹ کی عطیات ملی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو مریضوں کے پہلے ہی آپریشن کیے جاچکے ہیں جو روبصحت ہورہے ہیں، جبکہ پیر کو مزید 3 آپریشن کیے جائیں گے۔

آتشزدگی سے ہلاکتوں کا واقعہ عید سے ایک روز قبل اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار آئل ٹینکر الٹ گیا اور قریبی گاؤں کے لوگوں کی بہت بڑی تعداد پیٹرول کو جمع کرنے میں مصروف ہوگئی کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں کی جاسکی، تاہم کہا جارہا ہے کہ متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے اٹھنے والی چنگاری نے آگ کی شدت میں اضافہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024