• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

اختیارات پارلیمنٹ کو نہ دیتا تو نوازشریف تاحیات صدر بن جاتے: زرداری

شائع July 1, 2017
سابق صدر آصف علی زرداری مورو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے—۔فوٹو/ ڈان نیوز
سابق صدر آصف علی زرداری مورو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے—۔فوٹو/ ڈان نیوز

مورو: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اگر وہ صدر کے اختیارات پارلیمنٹ کو نہ دیتے تو نواز شریف تاحیات صدر بن جاتے۔

مورو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف چار مرتبہ حکومت کرچکے ہیں لیکن پاکستان کا روشن مستقبل صرف پی پی پی کے ہی پاس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی جب بھی اقتدار میں آئی تو اُس وقت پاکستان مشکل حالات میں تھا، ان کی پارٹی نے ہمیشہ ہی اپنے دور اقتدار میں ملک کی حالت بہتر کی ہے۔

مزید پڑھیں: بابر اعوان سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی

آصف زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو جب اقتدار ملا تو پاکستان دولخت ہوچکا تھا جبکہ پاکستان کی 90 ہزار فوج اور زمینی علاقہ بھی بھارت کے قبضے میں تھا، تاہم ذوالفقار علی بھٹو نے مذاکرات کی میز پر اپنی فوج اور زمینی علاقہ بھارت سے واپس لیا۔

کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدیں بڑھانے کے لیے کشمیر کی بات نہیں کرتا بلکہ کشمیر پاکستان کا مسئلہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی قرارداد ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سفارتی جنگ ہار رہا ہے لیکن حکومت پر اس کا کوئی اثر نہیں ہو رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی 2 سال قبل وزیرخارجہ کے تقرری کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا نواز اور عمران پیپلز پارٹی کو سندھ میں جتوائیں گے؟

پیپلز پارٹی چھوڑنے والے کارکنان اور رہنماؤں کا نام لیے بغیر زرداری کا کہنا تھا کہ ’کارکنان اِدھر اُدھر جانے والے گندے انڈوں کو بھول جائیں، کپتان گندے انڈوں کو ٹکٹ نہیں دے گا‘۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے پی پی پی سے 21 سالہ رفاقت کو ختم کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل رواں برس مئی میں سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے بھی عمران خان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہے: شاہ محمود قریشی

آصف علی زرداری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی صفیں خالی ہونے والی ہیں اسی لیے پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک ایسی سیاسی پارٹی ہے جو اپنی جماعت کا حصہ بننے والے ہر سیاسی کارکن کو خوش آمدید کہتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میرٹ کی بنیاد پر ہی اپنے کارکنان کو الیکشن میں ٹکٹ دیتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024