• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'وزیر اعظم نواز شریف پاناما کیس میں بری ہوجائیں گے'

شائع June 30, 2017

پشاور: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ پاناما پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کو پاناما پیپرز کیس کے تمام الزامات سے بری کر دے گی۔

ڈان کی ایک خبر کے مطابق مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا نام پاناما پیپرز میں شامل نہ ہونے کے باوجود بھی انہوں نے اپنے پورے خاندان کو احتساب کے لیے پیش کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیشاور پریس کلب میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا جبکہ اس موقع پر ان کے ساتھ وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام اور پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کی رکن صوبائی اسمبلی ظاہرہ بخاری بھی موجود تھیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاناما پیپرز میں کوئی حقیقت نہیں ہے لیکن پھر بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان اس کیس کو بغیر کسی وجہ کے اچھال رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کی خواتین مریم اورنگزیب سے الجھ پڑیں

انہوں نے واضح کیا کہ 'اب عمران خان کو بھی اندازہ ہو چکا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف جے آئی ٹی کی تحقیقات کے بعد با عزت بری ہوجائیں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا پاناما کیس میں کہیں بھی کوئی نام نہیں ہے لیکن پھر بھی انہوں نے اپنے بیٹے اور مرحوم والد کی بھی کاروباری تفصیلات کورٹ میں پیش کیں جبکہ جے آئی ٹی کے سامنے خود پیش ہوکر انہوں نے ایک مثال قائم کی تاکہ کسی شہری کو احتساب سے مستثنیٰ حاصل نہ ہوسکے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کی بنی گالہ میں حویلی خریدنے کا معاملہ صرف سوشل میڈیا پر آیا جبکہ پی ٹی آئی چیئر مین نے اس کی تفصیلات عدالت میں پیش نہیں کیں۔

وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت تمام اسٹیک ہولڈر کے ساتھ مل کر فاٹا کی ترقی اور اس کی عوام کے حقوق کے تحفظ کی خاطر انتظامی اور عدالتی اصلاحات نافذ کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جب مریم اورنگزیب مشکل میں پھنس گئیں

پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اربوں ڈالر کا یہ منصوبہ نواز شریف کی جانب سے اگلی نسلوں کے لیے ایک تحفہ ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے گیم چیلنجر ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا پی ایم ایل این کی حکومت نے ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے ساتھ ہی اسے ترقی راہ پر گامزن کیا اور عوام کی فلاح کے عملی اقدامات کیے جبکہ غریب عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس اسکیم کا پورے ملک آغاز کیا جاچکا ہے۔

ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پی ایم ایل ان کی حکومت آئندہ سال کے اختتام تک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے وعدے کو پورا کرے گی۔

پارا چنار دھماکے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پارا چنار دھماکوں کو فرقہ واریت کا رنگ دینا سراسر غلط ہے۔

مزید دیکھیں: پاناما لیکس: عمران خان کو اصل میں کیا آفر ہوئی؟

وفاقی وزیر نے عمران خان پر زور دیا کہ وہ اپنے حریفوں کے خلاف منفی سیاست کرنے کے بجائے ملکی مسائل سے پر بات کریں۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ عمران خان بنی گالہ میں بیٹھ کر سیاسی پروفیسر بن گئے جو اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے ہمیشہ اپنی ورلڈ کپ کی جیت اور کینسر ہسپتال کا سہارا لیتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے خیبر بختونخوا میں لوگوں کو بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کیں۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024