• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

وہ بچپن کی عیدیں گئیں تو گئیں کہاں؟

شائع June 7, 2019

بچپن کی عید کی یاد مجھے بہت مقدس لگتی ہے۔ جس طرح ہم کسی مزار سے حاصل کیے ہوئے تبرکات، کسی پیارے کے دیے ہوئے تحفے، اپنی پہلی تنخواہ کی رسید ہم ہمیشہ سنبھال کر رکھنا چاہتے ہیں، اسی طرح ہم اپنے کم سنی کے دنوں کی عید کو ہمیشہ ذہن اور دل کے قریب رکھنا چاہتے ہیں۔

وہ عیدیں جب ہم سب بے فکرے سے تھے، کاٹن سے لے کر گوٹا کناری والے کپڑوں کی سلائی کی فکر یا تو امی کو ہوتی تھی یا دادی کو، ہماری صرف یہی فکر ہوتی تھی کہ کب کپڑے سلیں گے اور ہم انہیں زیب تن کر لیں گے۔

ہاں اتنا بھول پن ضرور ہوتا تھا کہ اپنے کزنز کے عید کے ملبوسات تو کبھی نہیں دیکھ سکتے تھے، البتہ ان کے یہ کہنے پر کہ 'ہم اپنے بھی دکھا دیں گے'، ہم اپنے عید کے کپڑے دو تین دن پہلے ہی نمائش کے لیے پیش کر دیا کرتے تھے، اور عید کے دن منہ بسور رہے ہوتے تھے۔

چاند رات کو اتنا جاگنے کا رواج تو تھا نہیں، بس مہندی کے گول ٹیکوں یا مٹھی بھر مہندی لگوانے کی آس لیے باجی کے گرد چکر لگاتے، اور پھر زیادہ سے زیادہ ٹی وی پر لگنے والے کچھ گیت ہی سننے کو مل جاتے تھے۔ عید کا دن بھی بہت سادہ سا ہوتا تھا۔

صبح جاگتے ہی عیدی کا انتظار ہونے لگتا کہ نجانے کب ابو، دادا اور چچا نماز پڑھ کر آئیں گے اور عیدی ملے گی۔ اس وقت ملنے والے ان بالکل کرارے نوٹوں کے کاغذ کی تازہ خوشبو اب تک میرے ذہن میں موجود ہے۔

پڑھیے: ایک پردیسی کی عید کی روداد

حیرت تو اب تک اس بات پر ہوتی ہے کہ اس وقت کے پانچ یا دس روپے جو ہم سب بچوں کو بطور عیدی ملا کرتے تھے، شاید آج کل کے ہزاروں روپے بھی ان پانچ دس روپوں کی اہمیت کا مقابلہ نہیں کر سکتے، کیوں کہ ان میں خلوص اور اپنائیت ہوا کرتی تھی جس کا کوئی نعم البدل نہیں تھا۔

میری امی اور چچی رات کو ہی دہی بھلے، سویّاں اور لب شیریں تیار کر رکھ دیتیں کہ رمضان میں سحری کرنے کی وجہ سے صبح جلدی کھانے کی عادت ہو جاتی تھی اور ہم بھوک زیادہ برداشت نہیں کر سکتے تھے۔

خیر صبح سے کھانے کا جو دور چلتا وہ شام تک جاری رہتا، کبھی خرّم بھائی کے دوست آ رہے ہیں تو کبھی گڑیا باجی کی سہیلیاں، اور کبھی ہم محلے میں اپنے دوستوں یعنی بچہ پارٹی کے ہمراہ سیر کرنے جا رہے ہیں۔ مجھے یاد ہے کہ ہمارے ساتھ والے محلے میں کشادگی کی وجہ سے عید پر خصوصی عید بازار لگایا جاتا، ایک طرف جھولے ہوتے تو دوسری طرف پان والا آوازیں لگاتا۔ کہیں برگر بن رہے ہوتے تو کہیں نان ٹکی سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لیتی۔

چنا چاٹ اور قلفے گولے والے بھی کہیں پیچھے نہ رہتے۔ زمانہ اتنا سستا تھا کہ بارہ آنے کی ایک چنا چاٹ کی پلیٹ آجاتی اور ایک روپے کا پان، گویا جیسے عیدی کے پانچ روپے ہفت اقلیم سے کم نہ ہوتے تھے۔ ایک طرف لاٹری والا بھی بیٹھا ہوتا جسے کھیلنے سے کبھی پلاسٹک کا گھوڑا انعام میں ملتا تو کبھی گھومنے والی چرخی۔

لیکن اب میں سوچتی ہوں کہ شاید زندگی بھی اس گھومنے والی چرخی کی طرح گھوم گئی ہے ہم اتنے بور ہو چکے ہیں یا شاید اتنے مردہ دل کہ اب عید کی خوشی بھی ہمیں خوشی معلوم نہیں ہوتی۔ اب لوگ اپنے رشتہ داروں سے شاید عید کے عید بھی نہیں ملتے۔

مزید پڑھیے: بھائی یہ عید کارڈ کیا ہوتا ہے؟

اور اگر جائیں بھی تو بس دس دس منٹ کھڑے کھڑے پوچھ لینا کہ زندہ تو ہو، یا کبھی اگر کوئی پورا سال نہ آئے تو عید کے دن چھے چھے گھنٹے آکر طویل نشست کا اہتمام کر لیا جاتا ہے۔ چاہے صاحب خانہ باقی مہمانوں کو وقت نہ دے سکیں اور خواہ بھوک کے مارے ان کی آنتیں قل ھو اللہ پڑھتی رہیں۔

اب کوئی جھولوں پر نہیں بیٹھتا شام کو پارکوں کا رخ کر لیا جاتا ہے یا ہوٹلوں میں کھانے کو ہی اولیت دی جاتی ہے۔ نوجوان نسل ہے تو وہ سارا دن سوشل میڈیا پر مصروف دکھائی دیتی ہے۔ اکثر لوگ تو چاند رات پر ہی اتنا جاگ چکے ہوتے ہیں کہ عید پر دوپہر چڑھے سے پہلے بیدار نہیں ہوتے۔

شیلٹر اور اولڈ ہومز کا حال بھی کم برا نہیں، اپنی اولاد کے لیے اپنی بھرپور جوانی تیاگ دینے والے یہاں کسی اپنے کے آنے کے منتظر ہوتے ہیں اور چاہتے ہوئے بھی اپنی پریشانیاں کسی کو نہیں بتا سکتے۔ یہ نہیں بتا سکتے کہ آج وہی بیٹا ان کا حال پوچھنے نہیں آ رہا جس کے پہلے قدم کے چلنے پر انہوں نے کتنی منتیں اور نیازیں دی تھیں، جس کے منہ سے پہلا لفظ سننے کو وہ بے تاب تھے اور آج آنکھیں انہیں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

اگر دیکھیں تو اب عیدی کی بھی وہ خوشی نہیں رہی۔ اب ہزاروں میں بھی عیدی دے دی جائے تو خیال یہی ہوتا ہے کہ دوسروں کو دیکھ کر اپنے منہ پر بھی تھپڑ مار لیے جائیں اور عیدی دینے والے کو اتنی یا کم از کم اس کے قریب ترین عیدی دے کر یہ بتا دیا جائے کہ ہم بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔ پہلے بچے پانچ روپے عیدی لے کر بھی ناقابلِ بیان خوشی محسوس کرتے تھے، لیکن اب تو ہزاروں روپے لے کر بھی داڑھ گیلی نہیں ہوتی۔

اس وقت عیدی صرف بڑوں کی بچوں کی جانب اپنائیت کی علامت ہوا کرتی تھی اور عیدی دینے میں نہ مقابلے بازی ہوتی تھی، اور نہ کم عیدی دینے والے رشتے داروں کو کمتر سمجھا جاتا تھا۔ لیکن آج عیدی کا مطلب بالکل بدل چکا ہے اور اگر بچوں کو توقع سے کم عیدی ملے تو وہ ناراض ہوجاتے ہیں اور احساسِ کمتری کا شکار ہوجاتے ہیں۔

مزید پڑھیے: میری عید یادگار بنانے والی 80 مسکراہٹیں

عید پر ان محلے داروں کے گھر بھی نہیں جایا جاتا جن کا دروازہ بالکل سامنے ہوتا ہے اور تو اور حد تو یہ ہے کہ عید کے دن بھی یہ حساب رکھا جاتا ہے کہ اگر اس نے مجھے عید کی مبارکباد نہیں دی تو میں پہل کیوں کروں؟ اور اس طرح ایک اچھا خاصہ تعلق انا کی بھینٹ چڑھ جاتا ہے۔

وقت تو ہر دور میں بدلتا ہی رہا ہے، لیکن گذشتہ دس سے پندرہ سالوں میں نفسانفسی اتنی بڑھ چکی ہے کہ ہمارے مذہبی اور ثقافتی تہوار بھی اس کی لپیٹ سے دور نہیں رہ سکے۔ کاش کہ بچپن کی عیدوں کی طرح اب کی عیدیں بھی یادگار ہوجائیں اور ان میں وہی اپنائیت اور گہماگہمی واپس آجائے۔

راضیہ سید

راضیہ سید دس سال سے شعبہء صحافت سے بطور رپورٹر اور محقق وابستہ ہیں، اور پنجاب یونیورسٹی سے سیاسیات میں ماسٹرز ڈگری رکھتی ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (5) بند ہیں

Hanif Jun 27, 2017 12:57pm
well said.
tahir naseem Jun 27, 2017 01:14pm
I respectfully disagree the concept that now a days old typical Eid celebration disappear. In fact the case is that we most of us move to one or two steps up in the society classes what so ever we at the time of child hood. I have the experienced the same in my childhood but my kids dont have. Other hand lot of my friends that are still on the same class, whenever, I visit them at Eid ( most of us never go back or not like to go back old mohalla/ town or village due to Status issues), I have the same feelings, just give 20 or fifty rupees to youngest son/daughter of my friends and feel the happiness. In my point of view this is only the leaving of old culture by individual due to new social requirement of his /her status. Otherwise the still the above written culture exist at majority of Pakistan society (below poverty level).
Farrukh Liaqat Jun 27, 2017 03:47pm
Very well said Mam...
Bin Yamin Jun 08, 2019 01:56pm
رضیہ سید صاحبہ کیا ہی بہترین اور پر مغز آڑٹیکل.. اس جدید دور اور جدید ترقی کی ہم نے بہت مہنگی قیمت چکائی ہے، سہولت نام کی چیز کے لیئے ہم نے اپنا سکون برباد کر دیا.. یقین کریں آنسو آ گئے پڑھ کر.. کاش دوبارہ وہی دور آ جاتا جس میں جدیدیت تو نہں تھی پر اپنا پن سکون اور دل زندہ تھے.. کاش یہ ترقی کی رفتار ادھر رک جاے یا دھیمی ہو جاے..
عبدالحکیم Jun 08, 2019 03:07pm
You're right, here in Balochistan of Iran, when we compare Eids of these years with Eids of our childhood, we feel the same differences you mentioned.

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024