• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پکوان کہانی: بریڈ پڈنگ

شائع June 25, 2017
— فوٹو: fortheloveofyum.wordpress.com
— فوٹو: fortheloveofyum.wordpress.com

میری امّی سب سے اچھی کیرامل پڈنگ اور بریڈ پڈنگ بنایا کرتی تھیں، اور مجھے یہ لذیذ میٹھی ڈش کھانے میں بہت مزہ آتا تھا۔ اس لیے بریڈ پڈنگ بنانے کی سب سے اچھی ترکیب مجھے میری امّی کے ہی کچن تک لے گئی۔

بریڈ پڈنگ کے بارے میں ایسی کیا چیز ہے جو ہمیں سب سے زیادہ پسند ہے، اور یہ برِصغیر تک کیسے پہنچی؟ مانا جاتا ہے کہ برٹش ایسٹ انڈیا کمپنی بریڈ پڈنگ یہاں لائی جو بعد میں الائچی و زعفران کی خوشبوؤں، شکر اور خشک میوہ جات کی مٹھاس، اور دودھ اور بالائی کے رنگ سے سجی مغلی مٹھائی 'شاہی ٹکڑوں' میں تبدیل ہوگئی، وہ مٹھائی جو بادشاہوں نے بادشاہوں کے لیے بنائی۔

بریڈ ہزاروں سالوں سے انسانی غذا کا لازمی جزو رہا ہے۔ مانا جاتا ہے کہ آج کے دور کی طرح زمانہ قدیم میں بھی باورچی بچی کھچی بریڈ کو پھینکنے کے بجائے اس سے کھٹی میٹھی نت نئی ڈشز تیار کیا کرتے۔

اس کا استعمال سالن کو گاڑھا بنانے اور میٹھی پڈنگ تیار کرنے کے لیے، سوپ میں سجاوٹ کے لیے، اور بھرائی یا کوٹنگ کے لیے کیا جاتا۔ باسی بریڈ کو بیک، فرائی، یا پھر توّے پر بھی پکایا جاسکتا تھا۔

قدیم زمانے میں کھوکھلی بریڈ کو گرم یا ٹھنڈا میٹھا دودھ، پڈنگ، سالن، یا انڈے پینے کے لیے پیالے کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا تھا، اور بریڈ پڈنگ اسی طرح وجود میں آئی۔

بریڈ پڈنگ کو قدیم مصر میں بھی بہت پسند کیا جاتا تھا اور اسی ام علی کہا جاتا تھا۔ روایت ہے کہ ایک دفعہ ایک سلطان شکاریوں کے ساتھ دریائے نیل کے کنارے شکار کر رہے تھے کہ انہیں بھوک محسوس ہوئی۔ وہ قریب ہی واقع ایک مہمان نواز گاؤں میں رکے۔ دیہاتیوں نے اپنے ایک باورچی ام علی کو بھوکے مہمانوں کے لیے کھانا تیار کرنے کے لیے بلایا۔ اس ماہر باورچی نے گندم کی کچھ باسی بریڈ، خشک میوہ جات، دودھ اور چینی کو ملا کر اوون میں بیک کیا، اور اس طرح اس لذیذ مٹھائی کا نام اس کے بنانے والے پر پڑ گیا۔ ایک اور روایت ہے کہ ام علی ایک فاتح بادشاہ کی جانب سے فتح کی خوشی میں پہلی بار پکوائی گئی تھی۔

ایلن ڈیوڈسن کی ایڈٹ کردہ آکسفورڈ کمپینیئن ٹو فوڈ میں بریڈ پڈنگ کے بارے میں لکھا ہے:

"کئی مٹھائیوں میں بریڈ ضرور شامل ہوتی ہے، پھر چاہے وہ چورے کی صورت میں ہو یا پھر ٹکڑوں کی صورت میں۔ یہ ماننا غلط نہیں ہوگا کہ زمانہ قدیم میں کبھی کبھی باورچیوں نے باسی بریڈ کو دودھ میں بھگو کر اور کسی نہ کسی طرح میٹھا بنانے کے بعد اسے بیک کر کے اس سے ایک میٹھی پڈنگ بنائی ہوگی۔"

مکھن یا منقیٰ کی صورت میں چکنائی شامل کرنے کی دیر ہے کہ یہ کم خرچ ڈش ایک دعوت میں بدل جاتی ہے، اور اسی وجہ سے یہ آج تک پکائی اور کھائی جاتی رہی ہے، یہاں تک کہ ان باورچیوں کی جانب سے بھی جن کی بریڈ کبھی باسی ہو ہی نہیں پاتی۔

اس کی نئی شکل کو اب بریڈ اینڈ بٹر پڈنگ بھی کہا جاتا ہے، اور اسے سادہ بریڈ کے بجائے مختلف اقسام کی بریڈ سے بنا کر اسے مزید لذیذ بنایا جا سکتا ہے، جبکہ اس کی سجاوٹ میں خشک میوہ جات اور مصالحے ڈال کر اور بھی لطف انگیز بنایا جا سکتا ہے۔

مگر ان تمام اضافوں کو بہت کنٹرول رکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے تاکہ اضافوں کے بوجھ تلے دب کر ایک سادہ پڈنگ اپنی نفاست نہ کھو دے۔ پڈنگ کی ممکنہ تاریخ کو زمانہ قدیم کے شوربے یا دودھ میں ڈوبی ہوئی بریڈ دیکھ کر، یا پھر کھوکھلی بریڈ میں سوئیٹ ڈش کھانے کی روایت سے ملا جاسکتا ہے۔ بریڈ پڈنگ کی مختلف اقسام کو پڈنگ کی طرح گرم بھی اور کیک کی طرح ٹھنڈا کر کے بھی کھایا جا سکتا ہے۔"

ام علی کی طرح ہی ایک اور مشرقِ وسطیٰ کی بریڈ پڈنگ ہے جسے عیش السرنی اور محلاتی بریڈ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ مٹھائی بنانے کے لیے بریڈ کو سکھایا جاتا ہے، اس کے سلائس کیے جاتے ہیں، اور پھر شہد اور شکر کے سیرپ میں آہستہ آہستہ ابالا جاتا ہے۔ پھر اسے عرقِ گلاب اور گولڈن کیرامل سے سجایا جاتا ہے۔ یہ محلاتی بریڈ اپنے نام کی طرح ذائقے میں بھی بادشاہی ہے، اور جیسے جیسے ہم دنیا کے نقشے پر مشرق کی جانب بڑھتے جائیں، تو ہمارے پاس اپنی خود کی شاہی بریڈ آجاتی ہے جسے عام طور پر شاہی ٹکڑے کہا جاتا ہے۔

مگر اصل ڈش، بریڈ پڈنگ، کا ایک حیرت انگیز حد تک خوشگوار ذائقہ اور رنگ ہوتا ہے۔ آج میں آپ سے جو ترکیبیں شیئر کرنے والی ہوں وہ بالترتیب میری امّی اور میری پیاری دوست مونیکا کے کچن کی ترکیبیں ہے۔

اب یہ میرے کچن سے آپ کے کچن کا رخ کر رہی ہیں.

پہلی ترکیب

اجزاء

دو کھانے کے چمچ چینی

چار انڈے

تین سے ساڑھے تین کپ دودھ

بریڈ کے چھے سلائس

طریقہ

اوون کو پہلے سے 350 ڈگری پر گرم کر لیں

اوون کے لیے محفوظ ایک ڈش میں چینی کا کیرامل بنا لیں، اور پھر اس کے سخت اور ٹھنڈا ہونے کا انتظار کریں۔

ایک پیالے میں انڈے پھینٹ لیں۔ دودھ، بریڈ سلائس اور حسبِ ذائقہ چینی ڈالیں، اور پھر انہیں کانٹے سے ملائیں۔

کیرامل بن چکی چینی میں ڈالیں، اور پھر اوون میں رکھ دیں۔

تیس سے چالیس منٹ تک بیک کریں۔

کیرامل کے ساتھ گرم گرم پیش کریں یا پھر آئس کریم کے ساتھ، جیسے آپ چاہیں۔

دوسری ترکیب

سادہ بریڈ کو خشک میوہ جات والی بریڈ سے بدل دیں، ہلکا مکھن لگا کر ٹوسٹ کریں، چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ لیں، دار چینی کا پوڈر چھڑکیں، اور پہلے سے گرم اوون میں تیس سے چالیس منٹ تک بیک کریں۔

انگلش میں پڑھیں۔

بسمہ ترمزی

لکھاری ڈان کی سابق اسٹاف ممبر ہیں اور اب ایک فری لانس جرنلسٹ کے طور پر کام کررہی ہیں۔

انہیں کھانوں، موسیقی اور زندگی کی عام خوشیوں سے دلچسپی ہے۔ ان سے ان کے ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024