لذیذ پستہ کھیر گھر میں بنائیں
ماہ مبارک ہمیں الوداع کہنے کو ہے، اور ملک بھر میں عید کا سماں سماں ہے، اس لیے گھروں میں کھانے بھی عید کی مناسبت سے ہی تیار ہونے لگے ہیں۔
عید کے موقع پر گھروں اور بازاروں میں میٹھی اشیاء کی تیاری زیادہ ہونے لگتی ہے، کیوں کہ بالآخر عیدالفطر میٹھی عید ہی ہوتی ہے۔
کچھ میٹھی غذائیں یا مشروب ایسے بھی ہوتے ہیں، جنہیں بنانا منٹوں کا کام ہوتا ہے، اور وہ ذائقے میں بہت ہی لذیذ ہوتے ہیں۔
ایسی ہی میٹھی غذاؤں میں سے پستہ کھیر بھی ایک ہے، جو ہے تو مشروب کی قسم ہی، مگر اس میں ڈش کا ذائقہ بھی ہوتا ہے۔
پستہ کھیر کو بنانا بہت ہی آسان ہے۔
اجزاء
پستہ 250 گرام
دودھ 600 گرام
چاول ( ٹوٹے ہوئے) 150 گرام
بادام 50 گرام
کشمش 25 گرام
چاندی کے ورق حسب ضرورت
چینی حسب ضرورت
کیوڑہ 3 چائے کے چمچ
ترکیب
سب سے پہلے تمام خشک میوہ جات کو گرینڈ کرکے پاؤڈر بنالیں۔
پھر دودھ کو گرم کرکے اس میں خشک میوہ جات کا پاؤڈر، چاول، کیوڑہ اور چینی ڈال کر ہلکی آگ پر پکائیں۔
اس دوران چمچے کو مسلسل ہلائیں، تاکہ تمام چیزیں مل کر مل جائیں، تقریبا 10 منٹ ہلکی آگ پر پکانے کے بعد اتارلیں۔
پلیٹوں یا برتن میں نکال کر اس کے اوپر چاندی کے ورق سجالیں۔
کم سے کم 2 گھنٹے فریج میں ٹھنڈا کریں، اور بعد میں نکال کر نوش فرمائیں۔
چاہیں تو آخر میں پستہ اور دیگر میوہ جات کے ٹکڑے اس پر سجادیں۔