بہاولپور: آئل ٹینکر میں آتشزدگی، 157 افراد ہلاک
بہاولپور: صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 157 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ قومی شاہراہ پر پکا پل کے قریب پیش آیا جب ایک تیز رفتار آئل ٹینکر الٹ گیا جس سے بڑی مقدار میں آئل بہنے لگا۔
ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) رانا محمد سلیم افضل نے 123 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا اور بتایا کہ زخمیوں کی تعداد درجنوں میں ہے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ اور بہاولپور کے بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس کے علاوہ فوج نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے ہیلی کاپٹر کی مدد سے واقعے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد بہاولپور کے ہسپتالوں سے ملتان کے نشتر ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
نشتر ہسپتال کے ذرائع کے مطابق یہاں علاج کے لیے لائے گئے متعدد زخمی دوران علاج جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 157 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب بہالپور اور احمد پور شرقیہ کے ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں 30 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج نے امدادی کارروائیوں کے دوران بہاولپور سے 60 سے زائد زخمیوں کو ملتان کے نشتر ہسپتال منتقل کیا جبکہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں 70 سے زائد زخمی زیر علاج ہیں۔
مزید پرھیں: شیخوپورہ حادثہ: ’300 فٹ ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا‘
ذرائع کے مطابق واقعہ میں 40 سے زائد زخمی ایسے ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان زخمیوں کا 60 فیصد سے زیادہ جسم جھلس چکا ہے اور انہیں ملتان کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔
واقعے کے حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ آئل ٹینکر سے نکلتے ہوئے پیٹرول کو جمع کرنے کے لیے مقامی گاؤں کے 250 سے زائد افراد جائے وقوعہ پر پہنچے تھے کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگنے سے ٹینکر پھٹ گیا۔
ذرائع کے مطابق قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر کے نزدیک موجود گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی آتش زدگی کے لپیٹ میں آکر خاکستر ہوگئیں۔
فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس عمران شاہ نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق قومی شاہرہ سے متصل بستی موضع رمضان جوئیہ سے ہے جو آئل ٹینکر سے بہنے والا تیل جمع کرنے کی غرض سے ٹینکر کے ارد گرد جمع تھے۔
ذرائع کے مطابق احمد پور شرقیہ میں طبی سہولیات کی کمی اور بہاولپور کے ہسپتالوں میں زخمیوں کی کثرت کے باعث حادثے کے مزید زخمیوں کو ملتان منتقل کیا جارہا جبکہ اس واقعہ میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ زخمیوں اور ہلاک ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
بعد ازاں فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر سلمان نے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 10 افراد کو سی 130 کے ذریعے فیصل آباد کے آلائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو طبی سہولیات دینے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ذرائع کا کہنا ہے کہ الائیڈ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور عملے کی عید کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی۔
المناک سانحے پر قومی قیادت کا اظہار افسوس
وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور صوبائی انتظامیہ کو زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے ہدایت جاری کی۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: آتش زدگی پر قابو پانے کیلئے فوج طلب
صدر پاکستان ممنون حسین نے آئل ٹینکر سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعا کی اور زخمیوں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی جبکہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت جاری کر دی۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب بہاولپور پہنچے اور ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی، اس موقع پر انہیں حادثے اور اس کے بعد کی جانے والی امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واقع پر افسوس کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے جو لاشوں اور زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتال اور برن سینٹر منتقل کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔
اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما محمود شاہ قریشی بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے وہ عمران خان کو بتا کر یہاں آئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے افسوس ناک واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سے سوتیلوں جیسا سلوک بند کیا جانا چاہیے، انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے کسی ایک ہسپتال میں بھی ایسے حادثات سے نمٹنے کے لیے انتظامات موجود نہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بہاولپور کے علاقے احمدپور شرقیہ میں پیش آنے والے المناک سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے جانی نقصان نے دل دہلا دیا اور اس دکھ کے لمحے میں پنجاب حکومت اور حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندہ مراد علی شاہ نے پنجاب حکومت کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرادی۔
تبصرے (1) بند ہیں