• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بابراعوان کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

شائع June 23, 2017

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے پی پی پی سے 21 سالہ رفاقت کو ختم کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

بابر اعوان نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے اعزاز میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا تھا جہاں انھوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر بابراعوان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے کپتان کو خوش آمدید کہتا ہوں، سینیٹ کی نشست چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت بھی چیلنج تھا۔

پی پی پی سے اپنی رفاقت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 21سال بعد میں پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تبدیلی گھر بیٹھے نہیں آئے گی، انصاف کے حصول کے لیے وزارت چھوڑ دی، میرا ایجنڈا اقتدار ہوتا تو 2018 تک سینیٹر رہتا۔

ان کا کہنا تھا کہ وکلا اور میڈیا کا احسان کبھی نہیں بھلا سکتا۔

یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایک روز قبل ہی دعویٰ کیا تھا کہ بابراعوان بھی پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں:بابر اعوان کل تحریک انصاف میں شامل ہوں گے،عمران خان کا دعویٰ

ڈاکٹر بابر اعوان کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ڈاکٹر بابر اعوان آئندہ چند روز میں سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر بابر اعوان گزشتہ دو سال سے اپنے ساتھیوں سے مشاورت کر رہے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جب وہ وفاقی وزیر قانون تھے تو اس دوران انہوں نے اقتدار میں آنے کے ڈیڑھ سال بعد ہی قیادت کو استعفیٰ دے دیا تھا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر بابر اعوان نے اب سینیٹ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے اور آئندہ چند روز میں وہ چیئرمین سینیٹ کو استعفیٰ پیش کردیں گے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں فردوس عاشق اعوان اور نذر محمد گوندل جیسے پی پی پی کے سنیئر رہنماؤں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024