مچھلی کھانے کا حیران کن فائدہ
اگر تو آپ کو مچھلی کھانا پسند نہیں تو بری خبر یہ ہے کہ یہ غذا جوڑوں کے امراض سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
مزید پڑھیں : مچھلی کا استعمال ڈپریشن سے بچائے
برگھم اینڈ ویمن ہاسپٹل کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہفتے میں کم از کم دو بار مچھلی کھانا جوڑوں کے امراض سے ہونے والی تکلیف اور درد میں کمی لانے کا باعث بنتا ہے۔
اسی طرح اس عادت کے نتیجے میں جوڑوں کی سوجن اور اکڑنے کی شکایت بھی کم ہوتی ہے۔
تحقیق کے مطابق جتنا زیادہ مچھلی کھائیں گے اتنا ہی اس مرض میں مبتلا ہونے کا امکان کم ہوتا جائے گا۔
تحقیق کے دوران جوڑوں کے امراض کے شکار 176 افراد کی غذائی عادات کا جائزہ ایک سال تک لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ مچھلی کھانے کے عادی ہوتے ہیں، ان میں اس مرض کی شدت میں اس غذا سے دور رہنے والے مقابلے میں ایک پوائنٹ تک کمی آئی۔
یہ بھی پڑھیں : مچھلی کے تیل کے کیپسول کھانا فائدہ مند؟
سننے میں تو ایک پوائنٹ زیادہ نہیں لگے مگر عام طور پر اس طرح کے مریضوں کو 5.1 پوائنٹ دیا جاتا ہے اور ان میں کمی طبی لحاظ سے بہت نمایاں ہوتی ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ اتنی کمی آنے پر ہمیں توقع ہے کہ مریض کو نمایاں حد تک اپنی حالت میں بہتری محسوس ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہفتے میں جتنی بار بھی مچھلی کو کھایا جائے گا، اس مرض کی سرگرمیوں میں کمی آئے گی، جبکہ اس سے محفوظ افراد میں اس کے شکار ہونے کا خطرہ کم ہوگا۔
تحقیق کے نتائج طبی جریدے Arthritis Care & Research میں شائع ہوئے۔