راولپنڈی: ٹریفک وارڈن کو گولی مارنے والا ملزم گرفتار
راولپنڈی میں ایک ٹریفک وارڈن کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
یاد رہے کہ جمعرات 19ویں رمضان المبارک کو صبح سحری کے بعد نامعلوم ون وہیلرز نے ٹریفک وارڈن سہیل شہزاد کو سکستھ روڈ کے قریب فائرنگ کرکے زخمی کر دیا تھا، جو اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
بینظیر بھٹو ہسپتال کے ڈاکٹروں کی جانب سے سہیل شہزاد کی حالت تشویش ناک قرار دی گئی، جو آپریشن کے بعد سے اب تک ہوش میں نہیں آسکے۔
سٹی ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) یوسف شاہد کے مطابق ملزم کو نیو ٹاؤن پولیس نے پیپلز کالونی سے گرفتار کیا، جس نے دعویٰ کیا کہ اس نے اپنے دوستوں کو پولیس سے چھڑوانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی تھی۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی: ون وہیلرز کا ٹریفک چوکی پر حملہ، متعدد اہلکار زخمی
سی ٹی او نے ملزم کی شناخت جنید عرف جونی کے نام سے کی، ان کا مزید کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ جس وقت اس نے سکستھ روڈ پر فائرنگ کی، وہ 70 سی سی موٹر سائیکل پر سوار اور کالی شلوار قمیض پہنے ہوئے تھا۔
سی ٹی او نے مزید بتایا کہ ملزم موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں بھی ملوث رہ چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ون وہیلنگ کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر رکھا ہے، جو اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ اب تک ون وہیلنگ کرنے والے 29 موٹرسائیکل سواروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ون وہیلنگ: وجوہات اور سدِباب
واضح رہے کہ مری روڈ پر ون وہیلرز پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔
سی ٹی او نے والدین کو بھی خبردار کیا کہ وہ اپنے بیٹوں پر نظر رکھیں، خاص طور پر ان پر جنھوں نے اپنی موٹرسائیکلوں میں تبدیلیاں کرا رکھی ہیں۔
یہ خبر 19 جون 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی