• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

ڈی جی آئی بی کا جے آئی ٹی اراکین کے کوائف جمع کرنے کااعتراف

شائع June 17, 2017

اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) آفتاب سلطان نے پاناما کیس کی تفتیش کے لیے تشکیل دی گئی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے ارکان کی نگرانی کے حوالے سے اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا جس میں انھوں نے جے آئی ٹی اراکین کے کوائف کو اکھٹے کرنے کا اعتراف کر لیا۔

جے آئی ٹی نے اپنی درخواست میں مختلف وفاقی اداروں پر تحقیقاتی عمل میں رکاوٹیں ڈالنے اور جے آئی ٹی اراکین کی جاسوسی کا الزام لگایا تھا۔

ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان نے کوائف اکٹھا کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ ’آئی بی قومی اہمیت کے ہر معاملے کی معلومات اکھٹی کرتی ہے اور سرکاری اعلی عہدوں پر تعینات سرکاری ملازمین کا ڈیٹا اکھٹا کرنا اور معلومات حاصل کرنا آئی بی کا معمول کا کام ہے‘۔

مزید پڑھیں: متعلقہ اداروں کا ریکارڈ تبدیل کیا جارہا ہے، جے آئی ٹی کا شکوہ

ڈی جی آئی بی کے مطابق پانامہ کیس انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے ملکی معاملات پر گہرے اثرات ہوں گے اس لیے جے آئی ٹی ارکان کے کوائف جمع کیے گئے۔

جے آئی ٹی کے رکن بلال رسول اور ان کی اہلیہ کو ہراساں کرنے سے متعلق الزامات کی تردید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلا ل رسول اور ان کے اہل خانہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کرنے کا بھی الزام غلط ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ آئی بی نے جے آئی ٹی میں شامل کسی بھی رکن کو نہ ہراساں کیا اور نہ ہی ان کی نجی زندگی میں مداخلت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: فوٹو لیک: تحقیقات کیلئے حسین نواز کا سپریم کورٹ سے رجوع

آفتاب سلطان نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی ارکان کے حوالے سے معلومات جمع کرنے کے عمل کا افشاں ہونا قابل تشویش ناک بات ہے۔

یاد رہے کہ اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف علی نے جے آئی ٹی کو درپیش مشکلات سے متعلق جواب گذشتہ روز (16 جون) سپریم کورٹ میں جمع کرایا تھا جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، قومی احتساب بیورہو (نیب)، وزارت قانون، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) اور وزیراعظم ہاؤس نے جے آئی ٹی کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے سپریم کورٹ میں پاناما لیکس عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی نے الزام عائد کیا تھا کہ متعدد حکومتی ادارے پاناما پیپرز کی تحقیقات کے لیے 'شواہد اکھٹا کرنے میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں'۔

جے آئی ٹی نے الزام لگایا تھا کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، قومی احتساب بیورو (نیب)، وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) ریکارڈز کی حوالگی میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں جبکہ یہ تمام ادارے متعلقہ دستاویزات میں جعلسازی اور چھیڑ چھاڑ کے بھی مرتکب ہیں۔

جس پر عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل کو جے آئی ٹی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ایک اور خبر پڑھیں: حسین نواز کی درخواست پر جے آئی ٹی سے جواب طلب

خیال رہے کہ اٹارنی جنرل کی جانب سے عدالت کو جے آئی ٹی کی ایک درخواست پر جواب دینا تھا، جس میں ٹیم نے عدالت کو خود کو درپیش مسائل اور تحقیقات میں سرکاری اداروں کی مداخلت کی نشاندہی کی تھی، جس پر عدالت نے اے جی کو جے آئی ٹی کے تحفظات دور کرنے اور اس حوالے سے اقدامات کے لیے تجاویز پیش کرنے کو کہا تھا۔

اٹارنی جنرل نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ اس کیس کی سماعت کو منگل (20 جون) تک کے لیے ملتوی کردیا جائے تاہم عدالت نے فیصلہ کیا کہ اس معاملے پر پیر (19 جون) کو دوبارہ بات ہوگی۔

یاد رہے کہ رواں برس 20 اپریل کو سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کے تاریخی فیصلے میں وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مزید تحقیقات کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اعلیٰ افسر کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا تھا۔

جے آئی ٹی کا سربراہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیاء کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر ارکان میں ملٹری انٹیلیجنس (ایم آئی) کے بریگیڈیئر کامران خورشید، انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے بریگیڈیئر نعمان سعید، قومی احتساب بیورو (نیب) کے گریڈ 20 کے افسرعرفان نعیم منگی، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے بلال رسول اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے عامر عزیز شامل ہیں۔


کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024