• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

امریکی بحریہ کا جہاز، تجارتی جہاز سے ٹکرا گیا،7 افراد لاپتہ

شائع June 17, 2017
حادثے کا شکار ہونے والا امریکی  جنگی جہاز  یو ایس ایس فٹزجیرلڈ (USS Fitzgerald)—۔فوٹو/اے ایف پی
حادثے کا شکار ہونے والا امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرلڈ (USS Fitzgerald)—۔فوٹو/اے ایف پی

ٹوکیو: جاپان کے ساحل کے قریب امریکا کے جنگی بحری جہاز کے ایک تجارتی جہاز سے ٹکرانے کے نتیجے میں جہاز کے عملے کے 7 ارکان لاپتہ جبکہ کپتان سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرلڈ (USS Fitzgerald) جاپان کے جنوب مغربی ساحل یوکوسوکا سے 56 ناٹیکل میل دور رات گئے اے سی ایکس (ACX) کرسٹل نامی تجارتی جہاز سے ٹکرایا۔

جاپان کوسٹ گارڈ کے مطابق انھیں رات 2 بجکر 20 منٹ پر امریکی جہاز کے تجارتی جہاز سے ٹکرانے کی ایمرجنسی اطلاع موصول ہوئی۔

حادثے کے نتیجے میں زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے منتقل کیا جارہا ہے—۔فوٹو/ اے ایف پی
حادثے کے نتیجے میں زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے منتقل کیا جارہا ہے—۔فوٹو/ اے ایف پی

جاپان کوسٹ گارڈ کے ترجمان یوشی ہیتو ناکامورا نے بتایا کہ ریسکیو اہلکار لاپتہ ارکان کی تلاش میں مصروف ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ یا تو سمندر میں گرگئے یا پھر تباہ شدہ جہاز میں پھنسے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب تجارتی جہاز کے عملے میں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

جاپانی ٹی وی نیٹ ورک 'این ایچ کے' پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عملے کے ارکان جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرلڈ میں بھر جانے والے پانی کو باہر نکال رہے ہیں، جس کے دائیں حصے کو نقصان پہنچا ہے۔

مزید پڑھیں:شمالی کوریا کی امریکی بحری بیڑا تباہ کرنے کی دھمکی

امریکی بحریہ کے ساتویں بیڑے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جہاز کے زخمی ہوجانے والے کپتان کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے یوکوسوکا میں واقع یو ایس نیول ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ عملے کے 2 مزید ارکان کو بھی معمولی زخم آئے، جنھیں ریسکیو کرلیا گیا۔

فلپائن کا وہ تجارتی جہاز، جس سے امریکی جنگی جہاز ٹکرایا—۔فوٹو/اے ایف پی
فلپائن کا وہ تجارتی جہاز، جس سے امریکی جنگی جہاز ٹکرایا—۔فوٹو/اے ایف پی

ابھی تک امریکی جنگی جہاز کے کنٹینر جہاز سے ٹکرانے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا تاہم امریکی محکمہ دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کے 3 کمپارٹمنٹس میں پانی بھر گیا۔

رپورٹس کے مطابق جہاز میں 200 سے زائد سیلرز سوار تھے اور جس وقت حادثہ پیش آیا، ان میں سے زیادہ تر سو رہے تھے۔

جاپان کوسٹ گارڈ کے ایک عہدیدار یوتاکا سیتو کے مطابق جس جگہ حادثہ پیش آیا، وہاں عموماً سمندری ٹریفک زیادہ ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روسی طیاروں کی امریکی بحری جہاز کے قریب پروازیں

یو ایس پیسفیک فلیٹ کے کمانڈر ایڈمرل اسکاٹ سوئفٹ کے مطابق، 'فی الوقت ہم 2 چیزوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، جہاز اور سیلرز کی حفاظت اور فلاح'۔

فلپائن میں رجسٹر مذکورہ تجارتی جہاز 222 میٹرز (730 فٹ) طویل اور 29،060 ٹن وزنی ہے، جو امریکی جنگی جہاز سے کئی گنا بڑا ہے، جس کا وزن 8،315 ٹن ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024