سندھ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت
وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سندھ میں تیل اور گیس کے 5 نئے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نئے ذخائر سے یومیہ 600 بیرل تیل اور 7 کروڑ کیوبک فٹ گیس برآمد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں تیل اور گیس کے 98 ذخائر دریافت ہوئے اور اب تک 94 کروڑ 40 لاکھ کیوبک فٹ گیس سسٹم میں شامل کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہنگو میں گیس اور تیل کے نئے ذخائر دریافت
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ یومیہ 7 کروڑ کیوبک فٹ گیس کی سسٹم میں شمولیت کا مطلب سال میں ایل این جی کی درآمد پر 15 کروڑ ڈالر کی بچت ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت گیس کی تقسیم کے حوالے سے آئینی شقوں پر سختی سے عمل پیرا ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں گیس کے نئے ذخائر دریافت
شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا کہ 2010 میں سوئی نادرن کو یومیہ ایک ہزار 665 فٹ گیس ملتی رہی جو 35 فیصد کم ہو کر رواں سال ایک ہزار 120 کیوبک فٹ ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح سوئی سدرن گیس پائپ لائن کے سسٹم میں 2010 میں ایک ہزار 174 کیوبک فٹ گیس تھی جو اب 3 فیصد بڑھ کر رواں سال ایک ہزار 207 کیوبک فٹ ہوگئی ہے۔
تبصرے (3) بند ہیں