• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

آرمی چیف 'سڑک کے غنڈے' کی طرح بات کرتے ہیں: بھارتی رہنما

شائع June 12, 2017
کانگریس کے رہنما سندیپ ڈکشٹ نے بعدازاں اپنے بیان پر معافی مانگ لی—۔فوٹو/ ڈان
کانگریس کے رہنما سندیپ ڈکشٹ نے بعدازاں اپنے بیان پر معافی مانگ لی—۔فوٹو/ ڈان

نئی دہلی: بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما سندیپ ڈکشٹ اُس وقت تنازع کا شکار ہوگئے جب انھوں نے انڈین آرمی چیف جنرل پبن روات پر تنقید کرتے ہوئے انھیں 'سڑک کا غنڈا' کہہ ڈالا۔

سندیپ ڈکشٹ نے یہ بیان اُس وقت دیا، جب ان سے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے دیئے گئے حالیہ بیان سے متعلق سوال کیا گیا۔

ہندوستانی نیوز ایجنسی اے این آئی کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران انھوں نے کہا، 'یہ بہت برا محسوس ہوتا ہے جب ہمارے آرمی چیف سڑک کے غنڈے کی طرح بات کرتے ہیں'۔

کانگریس کے ترجمان میم افضل نے ڈکشٹ کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک اور فوج کے لیے توہین آمیز قرار دیا۔

میم افضل نے 'ٹائمز ناؤ' سے گفگتو کرتے ہوئے کہا، 'ہماری پارٹی فوج کا عزت و احترام کرتی ہے، یہ افسوسناک ہے کہ کسی نے آرمی چیف سے متعلق ہتک آمیز ریمارکس دیئے'۔

مزید پڑھیں: بھارت ہر قسم کے سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار: جنرل بپن روات

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے یونین منسٹر کرن ریجیجو نے بھی اس بحث میں حصہ لیا اور ڈکشٹ کے بیان کو کانگریس سے منسوب کرتے ہوئے اپنی ٹوئیٹ میں کہا، 'کانگریس پارٹی کے ساتھ مسئلہ کیا ہے؟ ان کی جرات کیسے ہوئی آرمی چیف کو 'سڑک کا غنڈا' کہنے کی؟'

بعدازاں ڈکشٹ نے اے این آئی سے گفتگو کے دوران معافی مانگتے ہوئے وضاحت کی کہ مذکورہ ریمارکس ان کی ذاتی رائے تھی اور ان کا کانگریس پارٹی کے نظریات سے کوئی تعلق نہیں، انھوں نے کہا، 'میں واقعی یقین رکھتا ہوں کہ جو میں نے کہا وہ غلط تھا، لہذا میں اس کے لیے معافی طلب کرتا ہوں اور اپنا بیان واپس لیتا ہوں'۔

یاد رہے کہ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن روات نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین اگر پتھر پھینکنے کے بجائے ہتھیاروں کا استعمال کرتے تو یہ مسلح افواج کے لیے آسان ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: نئے انڈین آرمی چیف کی پہلے ہی روز پاکستان کو دھمکی

انھوں نے کہا، 'میری خواہش ہے کہ یہ لوگ پتھراؤ کرنے کے بجائے ہم پر ہتھیاروں سے فائرنگ کریں، اس طرح مجھے خوشی ہوگی اور میں جو چاہوں گا وہ کرسکوں گا'۔

انھوں نے میجر گوگوئی کو بھی سراہا جنھوں نے گذشتہ دنوں ایک کشمیری نوجوان کو جیپ کے بونٹ کے سامنے انسانی ڈھال کے طور پر باندھ کر گشت کیا تھا۔

جنرل بپن روات کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں جاری گندی جنگ کو 'جدید طریقوں' سے لڑنا چاہیے۔


یہ خبر 12 جون 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024