• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

افغانستان میں امن صرف سیاسی حل کے ذریعے ہی ممکن ہے: امریکا

شائع June 11, 2017

واشنگٹن: امریکی محمکہ خارجہ نے افغانستان میں امن کو سیاسی مفاہمت سے مشروط کرتے ہوئے پاکستان پر زور دیا کہ وہ اپنے ہمسایہ ملک میں امن عمل میں حصہ لینے کے لیے طالبان کو قائل کرے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے نیوز بریفنگ کے دوران یہ بات ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی جو محکمہ خارجہ کے خیالات جاننے کی کوشش کررہا تھا کہ کیا پاکستان ابھی بھی افغانستان میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے کے لیے انتہا پسندوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

تاہم امریکی محمکہ خارجہ نے پاکستان پر الزام نہیں لگایا بلکہ ان کی ترجمان ہیتھر ناؤوٹ نے کہا کہ امریکا افغانستان میں امن بحال کرنے کے لیے سیاسی حل کی جانب ہی دیکھتا ہے کیونکہ فوجی حل کے ذریعے افغانستان میں امن بحال کرنا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ بس اتنا کہنا چاہیں گی کہ وہاں لوگ کافی عرصے سے حالت جنگ میں ہیں اور امریکا نے افغان حکومت کی مدد جاری رکھی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: ’امریکی نظریہ پاکستان کی حقیقی صورتحال کاعکاس نہیں‘

اس حوالے سے امریکی تھنک ٹینک میں موجود افغان ماہرین کا خیال ہے کہ افغانستان کے مسائل کے حوالے سے اپنے خیالات کو عوامی سطح پر شیئر کرنے سے امریکی پالیسی سازی کے عمل پر اثر انداز ہونے کا موقع ہے۔

اٹلانٹک کونسل کا اجلاس

اٹلانٹک کونسل کے اجلاس میں افغانستان کی صورتحال اور امریکا کا اس خطے میں کردار زیر بحث آیا۔

اس اجلاس کے دوران شرکاء نے ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ افغانستان کے معاملات میں اپنے اثرور سوخ کو مزید بڑھائیں اور دہشت گردی کے خاتمے تک افغانستان نہ چھوڑیں۔

اس موقع کو استعمال کرتے ہوئے تین مقررین نے پاکستان پر الزام لگایا کہ امریکا افغانستان میں جن مسائل کا شکار ہے وہ پاکستان کی طرف سے ہیں۔

ان تین مقررین میں ایک زلمے خلیل زاد جو افغانستان اور اقوام متحدہ میں امریکی سفیر رہ چکے ہیں، دوسرے منیش تیواری تھے جو سابق بھارتی وزیر ہیں جبکہ تیسرے فرد ایشلے ٹیلس تھے جو کارنیگی اینڈومنٹ فار انٹرنیشنل پیس کے اہلکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'افغانستان میں امن کیلئے پاکستان سے بہترسہولت کار کوئی نہیں'

اجلاس میں موجود پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے شرکاء کی تنقید اور ساتھی مقررین کے مسخر کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ افغانستان میں ہونے والے کسی بھی واقعہ کا ذمہ دار پاکستان کو نہ ٹھرایا جائے۔

ایشلے ٹیلس نے خبردار کیا کہ یہ بھی امکانات ہیں کہ اگر ٹرمپ انتظامیہ ایک مخصوص وقت میں افغانستان میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی تو وہ افغانستان میں اپنی وابستگی کو کم کرتے ہوئے خطے سے دستبردار بھی ہوسکتی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ایک گروہ کی پاکستان میں محفوظ پناہ گاہیں ہیں اور اب یہ پاکستان حکومت کے اپنے مفاد میں ہے کہ وہ اپنی کوششوں کو دگنا کرتے ہوئے افغانستان سے امریکی انخلاء سے قبل افغان طالبان کو کابل حکومت کے ساتھ امن معاہدے کے مذاکرات کرنے پر قائل کریں۔

زلمے خلیل زاد نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں موجود دہشت گردوں کی ان پناہ گاہوں سے انحراف نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے امریکی حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں دہشت گردوں کی معاونت کی گہرائیوں کے بارے میں تحقیقات کریں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: امریکا میں نئے پاکستانی سفیر کا افغان امن کیلئے نیا فارمولا

انہوں نے پاکستان کو مشورہ دیا کہ وہ افغانستان میں موجود طالبان سے کہیں کہ اگر وہ افغان میں امن عمل میں شامل نہیں ہوں گے تو انہیں پاکستان سے کارروائیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سابق بھارتی وزیر منیش تیواری نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ یہ سوچے کہ آخر کیوں اشرف غنی جو روالپنڈی میں پاکستان آرمی کے سربراہ سے ملنے گئے تھے، اسلام آباد کے خلاف ہوگئے ہیں۔

تاہم پاکستانی سفیر نے 'پاکستان کو ہر چیز کا ذمہ دار قرار دینے' کی مذمت کی اور واضح کیا کہ پاکستان کو ہر معاملے کا ذمہ دار کہنا زیادہ آسان ہے لیکن اگر عالمی طاقتوں نے یہی رویہ اپنائے رکھا تو یہ ایک غلط درخت کے سامنے فریاد کر نے کے مترادف ہوگا کیونکہ اس سے عالمی دنیا کو کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔

اعزاز احمد چوہدری نے کہا ' آپ کن پناہ گاہوں کی باتیں کر رہے ہیں؟ اگر آپ ماضی کو نہیں دیکھیں گے تو حال کو کبھی حل نہیں کر پائیں گے،حقانی اور طالبان پاکستان کے دوست نہیں ہیں اور نہ ہی یہ پاکستان کی پروکسیز ہیں، آپ کس کوئٹہ شوریٰ اور کس پشاور شوریٰ کی بات کر رہے ہیں؟'۔

یہ خبر 11 جون 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024