• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

مغوی چینی شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں:دفتر خارجہ

شائع June 9, 2017 اپ ڈیٹ June 10, 2017

دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے اغوا ہونے والے چینی شہریوں کی ہلاکت کی خبروں کی تحقیقات کر رہے ہیں اور چینی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ حکومت پاکستان کوئٹہ سے اغوا ہونے والے چینی شہریوں کی ہلاکت کی خبروں کی تصدیق کے لیے کام کررہی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے، دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں اس ناسور کو ختم کرنے کے لیے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چینی باشندے ہمارے معزز مہمان اور بھائی ہیں اور ہم ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات جاری رکھیں گے۔

داعش کا کوئٹہ سے اغواء ہونے والے چینی شہریوں کے قتل کا دعویٰ

قبل ازیں شدت پسند تنظیم داعش نے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے گذشتہ دنوں اغواء کیے گئے 2 چینی باشندوں کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق داعش نے اپنی نیوز ایجسنی 'اعماق' پر عربی زبان میں جاری کیے گئے بیان میں چینی شہریوں کو قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کی۔

خیال رہے کہ 24 مئی کو کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن سے 2 چینی شہریوں کو اغواء کرلیا گیا تھا۔

اغواء ہونے والا چینی جوڑا ایک چینی زبان سکھانے والے ادارے میں استاد تھا، جنھیں تین مسلح افراد زبردستی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

مزید پڑھیں:کوئٹہ سے دو چینی باشندے اغوا

مسلح افراد نے ان ٹیچرز کے ساتھ موجود تیسری چینی خاتون کو بھی اغوا کرنے کی کوشش کی تھی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی تھیں جبکہ اغواء کے مقام پر موجود ایک راہ گیر نے جب ان افراد کو بچانے کی کوشش کی تو مسلح افراد نے اسے گولی ماردی تھی۔

ایک سینیئر حکومتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مغوی چینی شہریوں کی ہلاکت سے متعلق داعش کے دعوے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چون اینگ نے بتایا کہ 'ہمیں بلوچستان سے اغوا ہونے والے اپنے باشندوں کی ہلاکت کی خبروں پر تشویش ہے اور اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستانی حکام سے معلومات طلب کی ہیں۔

اے پی کے مطابق اسلام آباد میں 2 پاکستانی سیکیورٹی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ وہ داعش کے دعوے کی تحقیقات کر رہے ہیں لیکن اب تک کوئی لاشیں برآمد نہیں ہوئیں۔

داعش نے چینی شہریوں کو قتل کرنے کا دعویٰ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب گذشتہ روز پاک فوج نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں یکم سے 3 جون کے دوران دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس آپریشن کے دوران 2 خودکش حملہ آوروں سمیت 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

پاک فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ کامیاب آپریشن کے باعث داعش کا بلوچستان میں انفرااسٹرکچر قائم کرنے سے پہلے تباہ کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے 3 روزہ مستونگ آپریشن کی تفصیلات جاری کردیں

مستونگ آپریشن مغوی چینی باشندوں کی بازیابی کے لیے انتہائی خفیہ معلومات کے تحت کیا گیا تھا، سیکیورٹی حکام کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ آپریشن کے دوران چینی باشندوں کے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرلی گئی تھی۔

بلوچستان میں اکثر و بیشتر سرکاری ملازمین اور غیر ملکی شہریوں کے اغواء کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔

اپریل 2015 میں چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان 46 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے، بجلی کی پیداوار اور دیگر منصوبوں پر سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدے کیے تھے، سی پیک منصوبے کو پاکستان کی قسمت بدلنے کے حوالے سے ایک 'گیم چینجر' کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:چینی باشندوں کی سیکیورٹی فوج کے سپرد

اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی ماہرین کی سیکیورٹی کا معاملہ اٹھایا تھا، جس کے بعد پاکستان بھر میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی پاک فوج کے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن کے سپرد کردی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024