برطانیہ کو دہشت گردوں نے کب کب نشانہ بنایا
حال ہی میں برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہونے والے دو مختلف حملوں کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوئے جبکہ پولیس نے 3 مبینہ حملہ آوروں کو بھی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ برطانیہ میں دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو ہلاک کیا ہے اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ دہشت گردوں نے برطانیہ کو نشانہ بنایا۔
مانچسٹر ارینا بم دھماکا
اس سے قبل مئی 2017 میں ایک خود کش بمبار نے خود کو شمال مغربی انگلینڈ کے علاقے مانچسٹر میں ہونے والے ارینا گرانڈ میں اڑا لیا تھا جس میں 22 افراد ہلاک اور 116 زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے میں ہلاک ہونے والے 7 افراد کی عمریں 18 سال سے کم تھیں۔
یہ دھماکا لیبیا سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ سلمان عبیدی نے کیا تھا، جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی۔
ویسٹ منسٹر پل حملہ
22 مارچ 2017 کو ایک شخص نے اپنی کار ویسٹ منسٹر پل کے قریب پیدل چلنے والے افراد پر چڑھا دی تھی اور پارلیمنٹ کے اطراف میں موجود رکاوٹوں کو توڑنے کی کوشش کی تھی، جس کے زد میں آکر 5 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے تھے، جن میں پولیس افسر بھی شامل تھا جسے چاقو کے وار سے ہلاک کیا گیا تھا۔
واقعے کے ذمہ دار ملزم خالد محمود کو موقع پر پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔
رکن پارلیمنٹ کا قتل
16 جون 2016 کو یورپی یونین میں رہنے یا اس سے علیحدہ ہونے کے حوالے سے ووٹنگ سے کچھ روز قبل برطانوی لیبر سے تعلق رکھنے والی قانون ساز کو چاقو کے وار سے قتل کردیا گیا تھا۔
بعد ان کے قاتل تھامس میئر کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
لندن میں چاقو سے حملہ
5 دسمبر 2015 کو ایک شخص نے لندن کے زیر زمین اسٹیشن میں چاقو کے وار سے دو افراد کو ہلاک کردیا تھا، یہ حملہ برطانوی ایئر فورس کی جانب شام میں داعش کے خلاف پہلے حملے کے دو روز بعد کیا گیا۔
واقعے کے ذمہ دار صومالی نژاد شخص کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ دہشت گردی ہے۔
برطانوی سپاہی کا قتل
22 مئی 2013 کو لندن کے قریب ایک آرمی بیرک میں دو افراد نے ایک برطانوی سپاہی لی ریگبے کو پھانسی دے کر قتل کردیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے اس موقع پر فلمبندی کی حوصلہ افزائی کی تھی اور گرفتاری سے قبل مذہبی نعرے لگائے تھے۔
واقعے کی ایک ملزم کو عمر قید اور ایک کو 45 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
شمالی ائرلینڈ میں فائرنگ
مارچ 2009 میں شمالی ائرلینڈ میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی سیاسی کشیدگی میں دو سپاہیوں کو ان کے بیرک کے باہر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔
واقعے کے دو روز بعد فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا تھا۔
گلاسگو ایئر پورٹ حملہ
30 جون 2007 کو دو افراد جلتی ہوئی گاڑی لے کر اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو ایئرپورٹ میں داخل ہوگئے تھے۔
بھارتی نژاد ڈرائیوار آگ سے جھلس کر زخمی ہوگیا تھا جو بعد ازاں ہلاک ہوگیا۔
تاہم مذکورہ گاڑی کے مسافر عراقی نژاد ڈاکٹر بلال عبداللہ کو اسی سال دسمبر میں سیکڑوں افراد کے قتل کی سازش کے الزام میں 32 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
لندن ٹرانسپورٹ پر خود کش حملہ
7 جولائی 2005 کو القاعدہ کے چار برطانوی خود کش حملہ آوروں نے لندن کے زیر زمین ٹرانسپورٹ نیٹ ورک اور ایک بس کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 52 افراد ہلاک اور 700 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے میں تمام حملہ آورو ہلاک ہوگئے تھے، یہ برطانیہ میں اب تک کا سب سے برا حملہ قرار دیا جارہا تھا۔
اس سے قبل 1988 میں اسکوٹش ٹاؤن میں طیارے میں ہونے والے دھماکے میں 270 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
بشکریہ: اے ایف پی