پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 20 پیسے کمی
وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے آئندہ ماہ کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
وزیر خزانہ کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 20 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 60 پیسے کمی کی گئی ہے، جبکہ لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ کی رات 12 بجے سے ہوگا، جبکہ قیمتوں میں یہ ردو بدل ایک ماہ کے لیے کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ
قیمتوں کی کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت 72 روپے 80 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 81 روپے 40 پیسے ہوگی۔
واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 30 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 43 پیسے کمی کی تجویز دی گئی تھی، تاہم عوام کو اوگرا کی تجویز کے مطابق پورا ریلیف منتقل نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ
اوگرا کی جانب سے حکومت کو بھیجی گئی سمری میں مٹی کے تیل کی قیمت میں 13 روپے 54 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے 28 پیسے اضافے کی تجویز بھی دی گئی تھی، جسے مسترد کردیا گیا۔