صبا قمر کے نام بھارتی صحافی کا کھلا خط
ایک ہندوستانی صحافی نے پاکستان کی کامیاب اداکارہ صبا قمر کا انٹرویو نہ کرسکنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ کے نام ایک کھلا خط تحریر کر ڈالا۔
ممبئی کے صحافی فریدون شہریار نے اپنے خط میں وہ تمام سوالات لکھے جو وہ فلم ’ہندی میڈیم‘ کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کرنے والی اداکارہ صبا قمر سے پوچھنا چاہتے تھے۔
انہوں نے صبا قمر کے ہندوستان میں پروفیشنل تجربے کے حوالے سے بھی پوچھا، جیسے کہ جب انھوں نے فلم ہندی میڈیم کی کہانی سنی تو ان کا کیا ردعمل تھا؟ اس کے علاوہ انہوں نے صبا قمر کے ہندوستان کے ٹرپ کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا آپ نے پرانی دلی اور چاندی چوک کے لذیذ پکوان کھائے؟‘، ساتھ ہی انہوں نے ایک پیچیدہ سوال پوچھا کہ ’کیا آپ کو ہندوستان کے مندروں میں ہاتھ باندھنے کے بعد کسی قسم کے خدشات کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ پاکستان میں اس قسم کے معاملات کو کافی سنجیدہ لیا جاتا ہے؟‘
مزید پڑھیں: بولی وڈ بھی صبا قمر کا دیوانہ ہوگیا
اپنے خط میں انہوں نے صبا قمر سے 13 سوالات کیے، ساتھ ہی انہوں نے کھلے دل سے اداکارہ کی تعریف بھی کی۔
فریدون شہریار نے لکھا، ’میں شاید ہی حال ہی میں ریلیز ہونے والی کسی فلم کو دیکھ کر ہنسا ہوں جتنا کہ میں ہندی میڈیم کو دیکھ کر ہنسا جس کی وجہ آپ (صبا قمر) کی بہترین اداکاری تھی، جس طرح فلم میں آپ نے شوہر کو جذباتی بلیک میل کرنے والی ایک بیوی کا کردار ادا کیا، کوئی تعجب نہیں کہ عرفان خان بھی آپ کے اچھے بُرے تمام مطالبات پر انکار نہیں کرپائے‘۔
انہوں نے اپنے خط میں صبا قمر کا انٹرویو کرنے کی ناکام کوششوں کا تجربہ بھی شیئر کیا۔
صحافی کے مطابق ’میں آپ کا انٹرویو کرنا چاہتا تھا، لیکن میری کوششیں رائیگاں چلی گئیں، اصل میں ان دنوں یہاں پاکستانی فنکاروں کے بارے میں بات کرنا بھی ممنوع ہے، تاہم پھر بھی مجھے ایسا کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں کیوں کہ میرے خیال میں جنگ کے ساتھ فن کے خیال کو جوڑنا نامعقول، مضحکہ خیز اور عجیب ہے، جن کا کام سیاست ہے وہی سمجھیں، اپنا پیغام تو محبت ہے، جہاں تک پہنچے‘۔
یہ بھی پڑھیں: 'ہندی میڈیم': آئینے میں اپنا برا عکس
انہوں نے اپنے کھلے خط کا اختتام اس امید پر کیا کہ آنے والا وقت اچھا ہوگا۔
فریدون شہریار کا کہنا تھا ’میں آپ سے نہیں پوچھوں گا کہ کیا آپ مزید بولی وڈ فلموں میں کام کریں گی کیوں کہ اس کا جواب تو ہواؤں میں گونج رہا ہے اور میں صرف امید کرسکتا ہوں کہ کبھی تو ان ہواؤں کا رُخ بدلے گا کیوں کہ امید پر دنیا قائم ہے!‘
اب اس حوالے سے تو کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ صبا قمر ہندوستانی صحافی کے سوالات کا جواب دیں گی یا نہیں تاہم ایسا ضرور محسوس ہورہا ہے کہ وہ اداکارہ کی توجہ حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
تبصرے (1) بند ہیں