کراچی میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر پر پابندی
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سے اے) نے کراچی ریجن میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر پر فوری پابندی عائد کردی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا مقصود عباس نے کراچی میں بلند و بالا اور کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر مکمل پابندی لگادی۔
پابندی عائد کیے جانے کے بعد اب شہر میں صرف دو منزلہ عمارت تعمیر کی جاسکے گی۔
ایس بی سی اے کی جانب سے جاری بیان مطابق یہ پابندی سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے خط موصول ہونے کے بعد عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چند میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ سندھ میں بلند و بالا عمارتوں کے سالانہ اوسطاً 80 منصوبوں کا اعلان کیا جاتا ہے، جن میں سے زیادہ تر کراچی اور حیدر آباد میں قائم کیے جاتے ہیں۔
یہ منصوبے اوسطاً 8 ہزار رہائشی یونٹس پر مشتمل ہوتے ہیں۔
ان منصوبوں میں سے تقریباً 85 فیصد کراچی میں قائم کیے جاتے ہیں، حیدر آباد میں 10 فیصد جبکہ باقی صوبے کے دیگر شہروں میں قائم کیے جاتے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے بھی کراچی میں ان بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر پر خدشات کا اظہار کیا جاتا ہے۔