بہاولپور میں ایک شخص نے اہلیہ کے پاؤں کاٹ دیے
بہاولپور: ایک شخص نے بیٹی کو گھر سے باہر جانے سے نہ روکنے پر مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کے پاؤں کاٹ دیے۔
یہ واقعہ ضلع لودھراں میں گالیلیوالی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔
تھانے کے ایس ایچ او محبوب الٰہی کے مطابق مبینہ ملزم فدا حیسن کی بیٹی کی رمضان کے فوری بعد شادی طے تھی۔
انھوں نے بتایا کہ فدا حسین نے اپنی اہلیہ کو خبردار کیا تھا کہ مقامی رسم و رواج کے مطابق شادی طے ہوجانے کے بعد لڑکی کا گھر سے باہر نکلنا غیر مناسب تصور کیا جاتا ہے اس لے وہ اپنی بیٹی کو گھر سے باہر جانے کی اجازت نہ دے۔
گذشتہ روز جب فدا حسین کی بیٹی ایک مرتبہ پھر گھر سے باہر گئی ہوئی تھی تو اس نے شدید غصے میں آکر اپنی اہلیہ پر ’تیز دھار آلے‘ سے حملہ کیا اور اس کے پاؤں کاٹ دیے۔
زخمی خاتون کو بھلوال وکٹوریا ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا آپریشن ہوا لیکن ڈاکٹر ان کے علیحدہ پاؤں کو دوبارہ جسم کے ساتھ منسلک کرنے میں ناکام رہے۔
ڈاکٹروں نے خاتون کی حالت تشویش ناک بتائی۔
دوسری جانب ایس ایچ او نے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ اس واقعے کی ایف آئی آر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 324 کے تحت درج کرلی گئی ہے۔
یہ رپورٹ 23 مئی 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی