• KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:51pm
  • LHR: Asr 4:37pm Maghrib 6:26pm
  • ISB: Asr 4:43pm Maghrib 6:33pm
  • KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:51pm
  • LHR: Asr 4:37pm Maghrib 6:26pm
  • ISB: Asr 4:43pm Maghrib 6:33pm

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی جنرل قمر باجوہ سے ملاقات

شائع May 22, 2017

اسلام آباد: امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

امریکی سفارت خانے کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر نے عرب-اسلامک-امریکن کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کا حوالہ دیا جس میں انھوں نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے امن، سیکیورٹی، خوشحالی اور اتحاد پر اظہار خیال کیا تھا۔

ڈیوڈ ہیل نے اس حوالے سے پاکستانی کردار اور قربانیوں کی تصدیق کی۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کا ایران پر فرقہ وارانہ فسادات اور دہشت گردی کا الزام

امریکی سفیر نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے 18 مئی کو کیے گئے وعدے پر شکریہ ادا کیا جس میں انھوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ کسی بھی قیمت پر کسی بھی ریاست کے خلاف پاکستان کی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

امریکی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر جنرل قمر باجوہ نے ایک مرتبہ پھر اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کسی کو بھی افغانستان میں حملے کرنے یا ان کی منصوبہ بندی کیلئے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

امریکی سفیر اور جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی اقوام مستحکم، محفوظ اور خوشحال افغانستان کیلئے پُرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'دشمن قوتیں سوشل میڈیا کےذریعے نوجوان نسل کو گمراہ کررہی ہیں'

خیال رہے کہ 18 مئی 2017 کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملک بھر میں جاری آپریشن ردالفساد کے تحت 'شدت پسندی کو شکست دینے میں نوجوانوں کے کردار' پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوان ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں، لیکن دشمن قوتیں سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوان نسل کو گمراہ کررہی ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پاک فوج نے دہشت گردوں اور شدت پسندوں کے خاتمے کے سلسلے میں ایک مثال قائم کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 اپریل 2025
کارٹون : 6 اپریل 2025