• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

امریکی انتخابات میں روسی مداخلت، تحقیقات سابق ایف بی آئی سربراہ کےسپرد

شائع May 18, 2017
ایف بی آئی کے سابق سربراہ رابرٹ مولر—۔فوٹو/ رائٹرز
ایف بی آئی کے سابق سربراہ رابرٹ مولر—۔فوٹو/ رائٹرز

واشنگٹن: امریکی محکمہ انصاف نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے دوران روس کی مبینہ مداخلت کی تحقیقات کرانے کے لیے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے سابق سربراہ رابرٹ مولر کو خصوصی پراسیکیوٹر مقررکر دیا۔

ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی کو برطرف کیے جانے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کو شدید تنقید کا سامنا تھا جبکہ دونوں امریکی جماعتوں ری پبلکن اور ڈیموکریٹس کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ حالیہ صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت کی تحقیقات کرائی جائیں، جس کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی الیکشن میں کامیاب ہوئے جبکہ ہیلری کلنٹن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے کیے گئے اس اعلان کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس مسئلے کے جلد حل کے منتظر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہی حقائق واضح کر سکتی ہے جبکہ ہم پہلے ہی سے جانتے ہیں کہ صدارتی مہم میں کسی بھی غیر ملکی ادارے کی ملی بھگت نہیں تھی۔

مزید پڑھیں: امریکی انتخابات میں مداخلت، روس نے ٹرمپ کے مشیر کا سہارا لیا

ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز نے رابرٹ مولر کی تقرری کا خیر مقدم کیا تاہم امریکی قانون دانوں اور سینیٹ میں ری پبلکن رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کی اپنے طور پر الگ تحقیقات بھی کرائیں گے۔

امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک لیڈر چک شومر نے کہا کہ اس صورتحال میں ایک مخصوص پراسیکیوٹر کی اشد ضرورت تھی اور ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بالکل درست فیصلہ کیا ہے۔

رابرٹ مولر نے اپنے ایک بیان میں کہا ’میں اس ذمہ داری کو قبول کرتا ہوں اور اپنی بہترین صلاحیتیں اس تحقیقات میں صرف کروں گا‘۔

اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل روڈ روسینسٹائن کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص پراسیکیوٹر مقرر کرنے کے فیصلے کا مقصد جرم معلوم کرنا یا کسی پر مقدمہ چلانا نہیں اور نہ ہی میں نے کوئی ایسا عزم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدارتی انتخاب:’روس ہیکنگ میں ملوث ہوسکتا ہے‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے یہ محسوس کیا کہ اس تحقیقات کے نتائج پر امریکی عوام کا اعتماد لانے کے لیے ایک مخصوص تحقیقاتی آفیسر کی ضرورت ہے۔

رابرٹ مولر 11 ستمبر 2001 میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے دہشت گرد حملے سے ایک ہفتے قبل ہی ایف بی آئی کے ڈائریکٹر منتخب ہوئے تھے۔

بعد ازاں 2011 میں سابق امریکی صدر براک اوباما نے مولر سے مزید دو سال کے لیے اپنے عہدے پر برقرار رہنے کی درخواست کی جس کے بعد 2013 میں وہ اپنے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔

اس سے قبل مولر ویتنام جنگ میں مرین کور کے آفیسر کے طور پر بھی اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024