• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خاتون نے شادی کی تقریب سے دولہا اغوا کرلیا

شائع May 17, 2017 اپ ڈیٹ May 18, 2017

فلموں کے زیر اثر ہندوستانی معاشرے میں ایک شادی کے دوران صورت حال اس وقت دلچسپ صورت اختیار کرگئی جب ایک خاتون دولہا کو گن پوانٹ پر اغوا کرکے ساتھ لے گئی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ ہندوستان کی ریاست اُتر پردیش میں پیش آیا جہاں ایک دولہا اپنی سابق خاتون دوست کے ہاتھوں اغوا ہوا اور تاحال اس کے بارے میں کسی کو بھی معلومات نہیں۔

رپورٹ کے مطابق مغوی اور اس کی خاتون اغوا کار کے درمیان گذشتہ کچھ عرصے سے تعلقات قائم تھے اور دونوں ایک دوسرے کے بہت زیادہ قریب تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اغوا ہونے والے شخص اشوک یادیو اور اغوا کار خاتون ایک مقامی ڈاکٹر کے کلینک پر کام کرتے تھے، جہاں ان کے درمیان 'تعلقات' استوار ہوئے۔

تاہم اشوک یادیو کے اہل خانہ نے حال ہی میں اس کی شادی ضلع ہری پور کی رہائشی لڑکی سے طے کردی تھی جس کے بعد اشوک نے اپنی دوست سے بات چیت بند کردی اور سوشل میڈیا پر اس کے پیغامات کا جواب تک نہیں دیا۔

جس کے باعث مذکورہ خاتون بہت نالاں تھیں۔

اشوک یادیو کی شادی کی تقریب کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب مذکورہ خاتون وہاں پہنچی اور دولہا سے استفسار کیا کہ جب وہ اس سے محبت کرتا ہے تو کسی اور لڑکی سے شادی کیوں کررہا ہے۔

خاتون کا مزید کہنا تھا کہ 'پیار ہم سے اور شادی کسی اور سے کروگے؟ یہ ہم برداشت نہیں کرینگے'۔

جس کے بعد خاتون نے دولہا کو اس کی شرٹ کے کالر سے پکڑا اور بھرے مجمے کے سامنے اپنے ساتھ گاڑی میں بیٹھا کر لے گئی، واقعے کے بعد سے اشوک تاحال لاپتہ ہے۔

اس دلچسپ واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔

واقعے کی تفتیش کرنے والے پولیس افسر کا کہنا تھا کہ انھیں شک ہے کہ اغوا پہلے سے طے شدہ تھا اور لڑکا اور خاتون، دونوں ہی اس میں ملوث ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 'ایسا کیسے ممکن ہے کہ شادی کی تقریب میں آئے سیکڑوں افراد کے سامنے ایک خاتون، دولہا کو زبردستی اپنے ساتھ لے جائے؟ اور کسی نے بھی اسے روکنے کی کوشش نہیں کی، اصل میں لڑکا خاتون کے ساتھ اپنی مرضی سے گیا ہے'۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے دولہا کے بھائی کو حراست میں لے لیا جبکہ اس حوالے سے موقع پر لی گئیں تصاویر بھی پولیس نے حاصل کرلی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024