ون بیلٹ ون روڈ کا تصور: ’دہشت گردی کے خاتمے میں مدد گار‘
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں پاکستانی وزراء اعلیٰ کے وفد کے ہمراہ چینی وزیراعظم سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے چین میں ہونے والی 'ون بیلٹ ون روڈ' (ایک خطہ، ایک سڑک) کانفرنس سے خطاب کیا، جس میں متعدد ریاستوں کے سربراہان اور عالمی رہنما اپنے ممالک کی نمائندگی کررہے تھے۔
پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے شہباز شریف کی کوششوں اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ان کی مہارت کو مد نظر رکھتے ہوئے چین کی قیادت نے خاص طور پر وزیراعلیٰ شہاب شریف کو ایک خطہ ایک سڑک پر اپنے خیالات شیئر کرنے کیلئے مدعو کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک خطہ ایک سڑک کانفرنس تعاون میں اضافے، تعاون پر مبنی فریم ورک اور اشتراک تعاون کی قیام کیلئے ایک بہترین فورم فراہم کرتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ چینی صدر کا ایک خطہ ایک سڑک کے قیام کی ابتدا ایک اچھوتا اور جدید تصور ہے، پاکستان میں ہم چینی صدر کے اس تصور کو نہ صرف ایک جرتمندانہ اور مستقبل سے ہمکنار اقدام سمجھتے ہیں بلکہ اسے تاریخی بھی تصور کیا جاتا ہے۔
شہباز شریف نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ ایک خطہ ایک سڑک کا تصور خطے میں طویل امن، استحکام اور معاشی ہم آہنگی کا باعث بننے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تصور عوام کو بااختیار بناکر دہشت گردی کے خاتمے میں مدد گار ثابت ہوگا اور اس حوالے سے اہم کردار داد کرسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایک خطہ ایک سڑک کا تصور اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق ہے جو عالمی ملکیت کے تصور کو بڑھانے کے حوالے سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیت کی شرکت داری کی مدد سے اس منصوبے سے شمال اور جنوب میں موجود خلاء کو پُر کرنے میں مدد ملے گی۔