افغانستان میں دھماکا، علماء کونسل کے سربراہ ہلاک
افغانستان کے شمالی صوبے پروان میں ایک مدرسے میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں پروان علماء کونسل کے سرابرہ مولوی عبدالرحیم حنفی جاں بحق اور 4 طلبہ زخمی ہوگئے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے نائب گورنر شاہ ولی شاہد نے اس بات کی تصدیق کی کہ مدرسے کے اندر ہونے والے دھماکے میں پروان علماء کونسل کے سربراہ مولوی عبدالرحیم حنفی ہلاک ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں مولوی عبدالرحیم کو ہی نشانہ بنایا گیا جو کہ منگل کی صبح صوبائی دارالحکومت چراکر کے ایک مدرسے میں ہوا۔
دھماکے کے وقت مدرسے میں متعدد بچے حصول تعلیم میں مصروف تھے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان: متعدد دھماکوں میں 39 افراد ہلاک،اماراتی سفیر زخمی
یہ بات واضح نہیں کہ دہشت گردوں نے کیوں مولوی عبدالرحیم کو نشانہ بنایا اور کس گروپ نے کارروائی کی۔
شاہ ولی شاہد نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’دہشتگردانہ عمل‘ قرار دیا اور کہا کہ اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ بم کس طرح کلاس کے اندر لایا گیا۔
خیال رہے کہ طالبان نے گزشتہ ماہ اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ موسم بہار کے حملوں کا آغاز کرنے والے ہیں جس کے دوران حملوں کا سلسلہ تیز کردیا جائے گا۔